Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹویوٹا نے گشتی دکان متعارف کرادی، ضروری چیزیں گھر گھر پہنچائیگی

ٹوکیو ....  آٹو موبائل انڈسٹری کا بڑا نام ٹویوٹا رفتہ رفتہ گاڑیاں بنانے کے علاوہ زندگی کے دیگر شعبوں میں بھی قدم جمانے کی کوشش کررہی ہے اوراب اس حوالے سے تازہ ترین اطلاع یہ ہے کہ اس نے ایسی گشتی دکانیںروشناس کرادی ہیں جو خودکار ہیں یعنی از خود چلتی ہیں اور جنہیں ضروری اشیائے صرف گھر گھر پہنچانے کیلئے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ کمپنی کا کہناہے کہ خوردہ فروش دکاندار اس سے استفادہ کرسکتے ہیں جبکہ کئی خوردہ فروش مل کر بھی اس گاڑی سے ضروری چیزیں اپنی دکانوں سے گاہکوں کے گھرو ں تک پہنچاسکتے ہیںاور گاہک بھی دوسری چیزوں کے علاوہ دوائیں ، خوردنی اشیاء کیساتھ ملبوسات بھی خرید سکتے ہیں یا انہیں دھوبی کے یہاں سے گھر لاسکتے ہیں۔ اس گاڑی کو ڈاکٹروں کیلئے بھی بہت مفید قرار دیا گیا ہے۔ جنہیں اکثر مریضوں کی  کالیں ملتی ہیں مگر وہ بیشتر اوقات میں اس قابل نہیں ہوتے کہ وہ ہر کال پر گھر کو دوڑ جائیں اسکے لئے انہیں کسی مدد گار کی ضرورت ہوتی ہے اور یہ گاڑی انکی بہتر ضرورت کی تکمیل کرسکتی ہے۔ باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ اس قسم کی گاڑیاں امیزون، اوبر اور پیزا ہٹ  کے علاوہ چینی کمپنی ڈی ڈی بھی استعمال کررہی ہے اور سب کی رپورٹ یہ ہے کہ اس سے بیحد آسانیاں پیدا ہوگئی ہیں۔ ٹویوٹا کے صدر ایکیو ٹویوڈا نے لاس ویگاس میں جاری الیکٹرانک شو کے دوران اس گاڑی کی نقاب کشائی کی جو بازار میں موجود اس قسم کی دوسری گاڑیوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ سہولیات کی حامل ہے۔ٹویوٹا کے صدر کا یہ بھی کہناتھا کہ ان گاڑیوں کو کنٹرول کرنا بھی آسان ہے اور اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ یہ خود کار ہیں یا انہیں چلانے کیلئے ڈرائیور کی ضرورت ہے۔ ٹویوٹا سے شراکت کرنے والی دوسری کمپنیاں بھی اس نئے سسٹم سے استفادہ کرسکتی ہیں۔ اس کار کی تیاری میں جس ٹیکنالوجی سے مدد لی گئی ہے اسے گارجین ٹیکنالوجی کا نام دیا جارہا ہے۔

شیئر: