مکہ مکرمہ.... نائب گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ عبداللہ بن بندر نے سعودی نوجوانوں سے کہا ہے کہ وہ 30ملین زائرین کی عصری میزبانی میں حصہ لیں۔ اس کے لئے خود کو تیار کریں۔ سعودی ویژن 2030کے مطابق 3کروڑ حاجی، معتمر اور زائر ارض مقدس آنے لگیں گے۔ اس کے لئے تمام چھوٹی بڑی اور درمیانے درجے کی کمپنیوں کو اپنا کردار احسن شکل میں ادا کرنا ہوگا۔ وہ بدھ کو نوجوان تاجروں کی نمائش کے دورے کے موقع پر سعودی لڑکوں اور لڑکیوں سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ سعودی قائدین وطن عزیز اور ہم وطنوں کی خاطر دن رات ایک کئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ کام کے تجربے کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ دن رات محنت کرتے ہیں۔ اجلاس پر اجلاس کر کے سب لوگوں کو سنتے ہیں۔ اس تجربے سے میںنے یہ سیکھا کہ کامیابی کیلئے انتھک جدوجہد ضروری ہے۔ ہمارے نوجوان اپنے خواب اس وقت تک شرمندہ تعبیر نہیں کر سکیں گے تا وقتیکہ یقین محکم، عمل پیہم اور اچھوتے افکار کو اپنی پہچان نہ بنا لیں۔ شہزادہ عبداللہ بن بندر نے کہا کہ نوجوانوں کو بند ڈبے سے باہر سوچنے کی کوشش کرنا ہو گی۔ نقالی سے آزادی حاصل کرنا پڑے گی۔ کامیاب کمپنیاں قائم کرنے کیلئے ایک دوسرے سے تعاون کرنا ہو گا۔ انہوں نے بتایا کہ مکہ مکرمہ ریجن کے نوجوانوں کے فارمولا جات کی کونسل زیر قیام ہے۔ مکمل ہونے پر اس کی اپنی ایک پہچان اور شان ہو گی۔ نوجوانوں کو اپنی حیثیت منوانا پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت چاہتی ہے کہ 2030تک سالانہ 30ملین زائرین ارض مقدس آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میری آرزو ہے کہ 2020تک زائرین کی تعداد 15ملین تک پہنچ جائے۔ ہمیں ضیوف الرحمان کی خدمت کیلئے پیشہ ورانہ طریقہ کار اپنانا ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ حج موسم کے دوران مختلف حج مقامات کے دورے کر کے حاجیوں کے مطالبات سنے، متعلقہ اداروں کو تکمیل کی طرف توجہ مبذول کرائی۔ انہو ںنے کہا کہ بہت سارے کام ہیں ، متعلقہ ادارے مل جل کر نمٹا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مکہ کے نوجوان ٹیکنالوجی کے شعبے میں پیش پیش ہیں۔ سرمایہ کاروں سے مطالبہ کیا کہ وہ نوجوانوں کا ساتھ دیں، ان کے خیالات میں پختگی پیدا کریں۔