Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اولمپکس میں کرکٹ کی شمولیت ،ہندوستانی بورڈ رکاوٹ

 
سڈنی:کرکٹ قوانین مرتب کرنے والے معروف کلب میریلیبون کی کرکٹ کمیٹی میں شامل مختلف ممالک کے سابق کرکٹرز نے ایک مرتبہ پھر کرکٹ کی اولمپکس میں شمولیت کا مطالبہ کرتے ہوئے ہندوستانی بورڈ سے کہا ہے کہ وہ اس میں رکاوٹ بننے کی کوشش نہ کرے ۔ یاد رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اولمپکس میں کرکٹ کو شامل کرنے کی حامی ہے تاہم ہندوستانی کرکٹ بورڈ اس کی مخالفت کررہا ہے کیونکہ ایسی صورت میں انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی اور انڈین اولمپک کمیٹی کے تابع ہونا پڑے گا۔ سڈنی میں میریلیبون کرکٹ کلب ورلڈ کرکٹ کمیٹی کے اجلاس میں ٹی20 کو اولمپکس کا حصہ بنانے پر ایک مرتبہ پھر زور و شور سے بحث کی گئی جہاں سابق کرکٹرز کھیل کو اولمپکس کا حصہ بنانے کیلئے سرگرداں نظر آئے۔ان کا کہنا تھا پیرس میں ہونے والے 2024 اولمپکس میں ٹی20 کرکٹ کی شرکت کی امید نہیں لیکن 2028 کے لاس اینجلس اولمپکس میںاسے شامل کیا جاسکتا ہے۔ کرکٹ کمیٹی کا کہنا تھا کہ اس وقت سب سے بڑا مسئلہ ہندوستانی کرکٹ بورڈ ہے جس کے اپنے ہی ملک کی اولمپک کمیٹی کے ساتھ مسائل چل رہے ہیں اور وہ اس کے تابع نہیں ہونا چاہتا۔ کمیٹی کے سربراہ اور انگلینڈ کے سابق کپتان مائیک گیٹنگ نے ٹی20 کرکٹ کے اولمپکس کا حصہ نہ بننے اور ہندوستانی بورڈ کے رویے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انڈین بورڈ اس معاملے پر ازسرنو غور کرے اور آئی سی سی و ایم سی سی کے ساتھ تعاون کرے جو جلد از جلد اولمپکس میں کرکٹ کی شمولیت کے خواہشمند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی بور ڈ کے علاوہ بقیہ تمام بورڈز اس کے حق میں ہیں کیونکہ اس سے کھیل کو فروغ ملے گا۔یاد رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اس بات کا اعلان کر چکی ہے کہ اس کے رکن ممالک کی اکثریت کرکٹ کی اولمپکس میں شمولیت کی خواہاں ہے۔اس 14 رکنی کرکٹ کمیٹی کے دیگر اراکین سابق آسٹریلین کپتان رکی پونٹنگ، ، سری لنکا کے کمار سنگاکارا، ہند کے سارو گنگولی اور آسٹریلیا کے روڈنی مارش نے بھی اس عمل کی حمایت کرتے ہوئے ہندوستانی بورڈ کے رویے پر افسوس کا اظہار کیا۔کمیٹی کے اجلاس میں ٹی ٹوئنٹی لیگز کے مقابلے میں ٹیسٹ کی اہمیت، گرمی سے متعلق قوانین، ہیلمٹ کو لازمی قرار دینے سمیت دیگر اہم امور بھی زیر بحث آئے۔

شیئر: