سعودی ادارہ املاک نے انڈونیشی شہری کو 1193فیصد منافع بھجوا دیا
جمعرات 11 جنوری 2018 3:00
ریاض - - - - - - - 40برس قبل سعودی عرب سے وطن واپس چلے جانے والے انڈونیشی کو غیر منقولہ جائیداد کمیٹی نے 1193فیصد منافع بھجوا دیا۔ انڈونیشی شہری نے الاحساء میں غیر منقولہ جائیداد کے حصص میں رقم لگائی تھی۔ "شولدباوہاب" اسکیم میں حصہ لیا تھا۔ یہ واقعہ 1396ھ کا ہے اس وقت پلاٹس کا کاروبار انتہائی منافع بخش مانا جاتا تھا۔ اچانک اس کاروبار میں کساد بازاری چھا گئی۔ انڈونیشی شہری منافع سے مایو س ہو کر وطن روانہ ہو گیا تھا ۔ ملازمت ختم ہو گئی تھی۔ طویل عرصہ گزرجانے پر اس کے ذہن سے یہ بات نکل گئی تھی کہ اب اسے مملکت میں پلاٹ میں لگائی گئی رقم سے کچھ منافع مل سکے گا۔ اسی دوران وزارت تجارت و سرمایہ کاری کی جانب سے قائم کردہ کمیٹی نے تمام معاملات کی چھان بین کر کے انڈونیشی شہری کا پتہ اور شناخت حاصل کر کے اسے 1193فیصد منافع کے ساتھ اصل رقم بھجوادی۔ شولد باوہاب نے برسہا برس کے بعد حقوق دلانے پر سعودی کمیٹی کا شکریہ ادا کیا۔ اس نے کہا کہ کمیٹی نے ثابت کردیا کہ اگر کوئی غیر ملکی مملکت سے وطن واپس چلا جاتا ہے تب بھی اس کے حقوق نہیں مرتے۔