پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جونیئر کھلاڑیوں سے توقعات
لاہور:سینیئر کھلاڑیوں سے مایوس پاکستان ہاکی فیڈریشن(پی ایچ ایف) نے جونیئرز کھلاڑیوں سے توقعات باندھ لیں جبکہ ورلڈ الیون کیخلاف کراچی اور لاہورمیں شیڈول میچزمیں نیا ٹیلنٹ آزمانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔پاکستان ہاکی ٹیم نے گزشتہ برس شائقین کو خاصا مایوس کیا اور قومی کھلاڑی ورلڈ ہاکی لیگ، ایشیا کپ اور چار ملکی انٹرنیشنل ٹورنامنٹ میں قابل ذکر کارکردگی نہیں دکھا سکے۔ پی ایچ ایف حکام نے اب نئے سال میں نئی امید کا دیا روشن کرلیا ہے۔ حکام کی انتظامی صلاحیتوں کا امتحان رواں ماہ ورلڈ الیون کے خلاف شیڈول 2 میچوں سے ہوگا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ان مقابلوں میں زیادہ تر جونیئر کھلاڑیوں پر انحصار کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور سابق اولمپئن کامران اشرف کی نگرانی میں کراچی میں جاری جونیئر ٹیم کے کیمپ سے زیادہ ترکھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائیگا۔ فیڈریشن حکام مستقبل میں100 کھلاڑیوں کا پول بنانے کا ارادہ رکھتی ہیں۔انہی پلیئرز میں سے مستقبل کی قومی ٹیموں کا انتخاب کیا جائے گا۔