بلیا۔۔۔بلیا ضلع میں بی جے پی کے رکن اسمبلی نے کہاہے کہ جیسے ہندوستان ’’ہندوراشٹر‘‘بنے گا یہاں صرف وہ مسلمان رہ سکیں گے جو خود کو ہندوکلچر میں ڈھال لیں گے۔ بائیریا کے رکن اسمبلی سریندر سنگھ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ صرف چند مسلمان حب الوطن ہیں ۔ جومسلمان یہاں کا کلچر نہیں اپنائیں گے وہ کسی اورملک میں پناہ حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ 2024ء تک ہندوستان ایک ہندو راشٹربن جائیگا۔ سریندر سنگھ نے کہا کہ چونکہ 2024میں آر ایس ایس کے100سال مکمل ہوجائیں گے اس لئے 2024ء تک ہندوستان ایک ہندوراشٹر بن جائیگا۔انہوںنے راہول گاندھی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کیلئے دوطرح کی اقدار ہیں ایک اطالوی اور دوسری ہندوستانی۔وہ ملک کے وزیر اعظم بننے کیلئے کوئی بھی نعرہ اختیار کرسکتے ہیں مگر ان میں ہندوستان کو مستحکم بنانے کی طاقت اورصلاحیت نہیں۔