سانتا آنا ، کیلیفورنیا .... برق رفتاری ہر حالت میں خطرناک اور نقصان دہ ہوتی ہے۔ اور اس کے نقصانات آئے دن سامنے آتے رہتے ہیں مگر لوگ ہیں کہ تیز رفتاری سے باز نہیں آتے۔ پتہ نہیں انہیں کونسی جلدی ہوتی ہے کہ گاڑی چلاتے چلاتے انکا ذہن کہیں اور چلا جاتا ہے اور کار قابو سے باہر ہوجاتی ہے۔ ایسا ہی کچھ یہاں اس وقت پیش آیا جب ایک کار اپنے ڈرائیور سے بے قابو ہوکر ڈیوائڈر سے ٹکرا گئی اور عمارت کی دوسری منزل سے جالٹکی۔ حادثے کے بعد کار میں آگ بھی لگی مگر امدادی ٹیموں نے جلد ہی اس پر قابو پالیا۔ 2افراد بال بال بچ گئے جبکہ ایک شخص کسی کی مدد کے بغیر کار سے باہر نکلنے میں کامیاب رہا۔ کافی دیر کے بعد دوسرا مسافر بھی امدادی ٹیموں کی مدد سے باہر آیا۔ اب دونوں کو اسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔ کہا جاتا ہے کہ انہیں معمولی زخم آئے ہیں۔ یہ حادثہ صبح پونے سات بجے اورنج کاؤنٹی میں پیش آیا۔ جو سانتا آنا کا مشرقی علاقہ ہے اور لاس اینجلس میں شمار کیا جاتا ہے۔ ڈیلی میل کی اطلاع کے مطابق اب تک یہ بات سمجھ میں نہیں آسکی کہ کار کتنی قوت سے چل رہی تھی جو عمارت کی دوسری منزل تک پہنچی اورلٹک گئی اگر یہ کار گر تی تو اس میں موجود کسی بھی شخص کے زندہ بچنے کی توقع نہیں کی جاسکتی تھی۔کار میں سوار دونوں افراد کو طبی امداد دی جارہی ہے مگر انکی شناخت اب تک ظاہر نہیں کی جارہی ہے۔ مقامی محکمہ پولیس نے بھی ڈیلی میل کی جانب سے اس بارے میں تفصیلات جاننے کی کوشش کا کوئی جواب نہیں دیا۔