ٹوکیو .... زندگی کے مختلف شعبوں کی طرح فیشن کی دنیا بھی آئے دن پیشقدمی کرتی جارہی ہے اور اسکا تازہ ترین مظاہرہ جاپان میں دیکھنے میں آیا جہاں سائنسدانوں اور ماہرین کیمیا نے مل کر ایسی مصنوعی اور خوبصورت پلکیں تیار کی ہیں۔ جو ستاروں کی طرح چمکتی ہیں۔ جدید ترین ٹیکنالوجی کی مدد سے تیار ہونے والی ان مصنوعی پلکوں میں انتہائی ننھی قسم کی ایل ای ڈی لائٹس کا استعمال کیا گیا ہے جو رات کے وقت کچھ زیادہ روشن ہوجاتی ہیں۔ سوال یہ ہے کہ کیا عام عورتیں اسے استعمال کرنا بھی پسند کریں گی؟ یا اسکے اندر لگی لائٹوں کی وجہ سے وہ جھجھک اور خوف کا شکار رہیں گی۔ اسے تیار کرنے والوں کا بہرحال دعویٰ یہ ہے کہ ان پلکوں کو فیشن کی دنیا کا تازہ ترین اور انتہائی دلکش بیانیہ قرار دیا جاسکتا ہے۔ تاریکی میں یہ پلکیں زیادہ چمکتی ہیں۔ سائنسدانوں کا کہناہے کہ انہوںنے جو چیز پلکوں کی زیبائش اور آرائش کیلئے تیار کی ہے وہ بہت سے بیوٹیشنز او رماہرین جمالیات کےلئے کسی بڑے چیلنج سے کم نہیں کیونکہ بغیر تار کے جلنے یا بجھنے والی یہ روشنی ہر طرح سے محفوظ ہے۔ جن سائنسدانوں نے اس کی نمائش کی انکا کہناہے کہ ٹیکنیکل سائنس کی کانفرنس میں اسے بہت مقبولیت ملی اور لوگ اس حیرت انگیز سامان آرائش سے بہت متاثر ہوئے۔ کنسرٹ وغیرہ میں جب روشنیاں انتہائی مدہم ہوجاتی ہیں یا انہیں بجھا دیا جاتا ہے تو یہ پلکیں زیادہ روشن ہوکر اسے لگانے والوں کے حسن میں چار چاند لگادیتی ہیں۔ استعمال ہونے والی ٹیکنالوجی شیشدو کاسمیٹک کمپنی اور رٹسکو میکا ن یونیورسٹی کے سائنسدانوں کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے۔ آساہی شمبھون کی رپورٹ کے مطابق سردست ان پلکوں کی روشنی زیادہ سے زیادہ ڈیڑھ میٹر تک زیادہ نظر آئیگی تاہم جلد ہی اسکی رینج میں مزید اضافہ ہوگا۔ سائنسدان اس ٹیکنالوجی کو بالائے بنفشی شعاعوں کا کارنامہ قرار دے رہے ہیں۔