چاکلیٹ کھانا بھلا کسے پسند نہ ہوگا ؟ جسے دیکھو چاکلیٹ کا شیدائی نظر آتا ہے . خاص طور پر میٹھا پسند کرنے والے افراد کو چاکلیٹ سے دور رکھنا ناممکن ہے . لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ یہ جلد کے لیے بھی فائدہ مند ہے ؟
کبھی ان لمحات کو یاد کیجئے جب آپ کی سالگرہ کے موقع پر چاکلیٹ کیک آپ کے منہ پر مل دیہ گیا ہو . یقین کیجئے وہ آپ کے چہرے کے لیے ٹریٹ تھی کیونکہ چاکلیٹ چہرے کو نمی فراہم کرکے اسے نرم وملائم بنا دیتی ہے . آپ اپنی جلد کو ہائیڈریٹڈ رکھنے کے لیے گھر پر چاکلیٹ فیس پیک بنا سکتے ہیں . چاکلیٹ میں اینٹی آکسیڈنٹس کثیر مقدار میں پائے جاتے ہیں جو جلد کو نقصان پہنچنے سے بچاتے ہیں . چاکلیٹ جلد میں چمک پیدا کرتی ہے اور چہرے پر ظاہر ہونے والے بڑھتی عمر کے اثرات کو روکنے میں مدد دیتی ہے . اس کے اندر جلد کو سورج کی الٹراوائلٹ شعاعوں سے بچانے کی صلاحیت بھی موجود ہے . یہ جلد کو مختلف کیمیائی اور زہریلے مادوں کے اثرات سے بھی بچاتی ہے .
گھر پر چاکلیٹ فیس پیک بنانا انتہائی آسان ہے . ایک باؤل میں ایک چمچ زیتون کا تیل ، ایک چمچ ونیلا ایکسٹریکٹ ، ایک چمچ براؤن شوگر ، اورایک چمچ پگھلا ہوا کو کا لے کر بلینڈ کرلیں . فیس پیک کو چہرے پر لگانے سے پہلے چہرہ اچھی طرح دھو لیں اور جلد پر موجود تمام میل کچیل ، چکنائی اور مردہ خلیات کو کلینزر کی مدد سے صاف کردیں . اس فیس پیک کو چہرے پر لگائیں اور دس سے بارہ منٹ تک لگا رہنے دیں . پھر رگڑ کر چہرے سے اتار دیں . یہ جلد کو نرم وملائم بنانے اور نمی فراہم کرنے کے لیے بہترین فیس پیک ہے. آزما کر دیکھیں.