Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلام آباد: عمرہ زائرین کے اعزاز میں تقریب، سعودی سفیر نے سفری دستاویزات تقسیم کیں

پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا ہے کہ ’پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے رشتے ہیں اور دونوں ممالک کے عوام مشترکہ مذہبی اور برادرانہ تعلقات سے جُڑے ہوئے ہیں۔‘
وہ بدھ کے روز اسلام آباد میں سعودی عرب کے سفارت خانے میں عمرہ زائرین کے اعزاز میں منعقد ہونے والی ایک تقریب کے موقع پر بات کر رہے تھے۔
اس موقع پر انہوں نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر عمرے کی سعادت حاصل کرنے والے زائرین میں اُن کی سفری دستاویزات تقسیم کیں۔
ہر سال کی طرح رواں برس بھی رمضان کے موقع پر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر پاکستان سے زائرین عمرے کی سعادت حاصل کرنے کے لیے جا رہے ہیں۔
اس سلسلے میں خصوصی گروپ جمعرات کو مدینہ کے لیے روانہ ہو گا۔ اس گروپ میں ایک خاتون سمیت 30 عمرہ زائرین شامل ہیں۔
عمرہ زائرین کے اعزاز میں تقریب کے دوران گفتگو کرتے ہوئے نواف بن سعید المالکی نے کہا کہ ’پاکستان ان 60 ممالک میں شامل ہے جہاں سے زائرین کو خصوصی دعوت پر زیارات مقدسہ کے لیے مدعو کیا جاتا ہے۔‘
واضح رہے کہ پاکستان میں سعودی سفارت خانہ ہر سال مختلف شعبہ زندگی سے منتخب افراد کو خصوصی انتظامات کے تحت عمرے اور حج کے لیے بھیجتا کرتا ہے۔

شیئر: