Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جمہوریت پامال نہیں ہونے دینگے، ثاقب نثار

لاہور.... چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار نے کہا ہے کہ جمہوریت کو پامال نہیں ہونے دینگے۔ صرف آئین کی حکمرانی ہوگی۔ لوگوں کے کہنے سے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا۔ عدلیہ مکمل آزاد ہے۔ آپ کو اس پر فخر ہونا چاہئے۔ ٹیم کا کپتان تو ساری ٹیم کا محتاج ہوتا ہے۔ بنچ کے تمام لوگ دیانتداری اور قابلیت کا بہترین نمونہ ہیں اور آصف سعید کھوسہ تو میرے بنچ کا اہم حصہ ہیں۔ اعتراف کرتا ہوں کہ بنچ میں سب سے کم قابلیت والا میں خود ہوں۔ لاہور بار سے خطاب کے دوران چیف جسٹس نے کہا کہ بار اور بنچ جسم کے دو حصے ہیں۔ بار اور بنچ میں کوئی مفلوج ہوجائے تو ادارہ مفلوج ہوجاتا ہے یہ تصور نہیں ہونا چاہئے کہ جسم کا ایک حصہ دوسرے حصے کو کاٹے گا۔ جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ جج بننا ایک امتحان ہے۔ عوام کو انصاف دینا ہمارا فرض ہے۔ قانون کے مطابق فیصلے کرکے مظلوم کی داد رسی کرنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ روز محشر سب سے پہلے منصف کا حساب ہوگا اور اسے جزا ملے گی، اگر ججز کو5،5 ماہ فیصلے نہیں لکھنے تو عہدے چھوڑدو کوئی اورکام کرلو۔ بیوی اور بچوں کوکہہ دیا ہے کہ ایک سال میں آپ کا نہیں۔ اس ملک کو بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے لیکن ہم متحد ہیں اور جب تک ہم میں یہ جذبہ ہے ہم ہر مشکل کا سامنا کرینگے۔ 
 

شیئر: