کون حمزہ شہباز؟ میں نہیں جانتا، چیف جسٹس
لاہور....چیف جسٹس سپریم کورٹ ثاقب نثار نے اتوار کو سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں سیکیورٹی بیریئر اور رکاوٹوں کے خلاف از خود نوٹس لے لیا۔ چیف جسٹس نے چیف سیکریٹری پنجاب سے استفار کیا کہ آپ نے بیریئرز کیوں نہیں ہٹائے۔چیف جسٹس نے عدالتی حکم پرعمل درآمد نہ کرنے پر چیف سیکریٹری پنجاب کی سرزنش کی۔ حمزہ شہباز کے گھر کے باہر رکاوٹیں ہٹانے کا حکم دیا۔چیف سیکریٹری نے کہا کہ بیریئر اس لئے لگائے کہ حمزہ شہباز کی جان کو خطرہ ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ حمزہ شہبازکون ہیں؟ میں انہیں نہیں جانتا انہیں طلب کرکے پوچھ لیتے ہیں کہ انکی جان کو کیا خطرہ ہے؟ اگر یہاں خطرہ ہے تو حمزہ اپنی رہائش تبدیل کرلیں۔یہ لوگ وہاں کیوں نہیں چلے جاتے جہاں انکی جان کو خطرہ نہ ہو۔ چیف سیکریٹری نے جلد رکاوٹیں ہٹانے کا وعدہ کیا۔