پٹنہ ۔۔۔۔ بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی اپیل پر جہیز اور بچپن کی شادی کو روکنے کیلئے بنائی گئی انسانی زنجیر میں پورا بہار جمع ہوگیا۔ انسانی زنجیر میں اسکول کے بچوں سمیت مختلف سماجی و سیاسی شخصیات کے علاوہ لوگوں کی بڑی تعداد ہاتھ میں ہاتھ ڈال کر سماجی برائیوں کے خاتمے کیلئے متحد ہوگئی۔پٹنہ سے شروع ہونیوالی انسانی زنجیر ریاست کی سرحدوں تک بغیر ٹوٹے ہوئے پوری کی گئی۔ضلع کے اہم مقامات پر میڈیکل کیمپ، پینے کے صاف پانی ، بسکٹ، مشروبات سمیت کھانے پینے کی اشیاء تقسیم کی گئیں۔ اندازے کے مطابق انسانی زنجیر میں تقریباً15لاکھ افراد شامل ہوئے ۔ نتیش کمار نے گاندھی میدان میں جہیز اور بچپن کی شادی کے خاتمے کے لئے بنائی گئی انسانی زنجیر کی شروعات کی ۔ نتیش کمار نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر معاشرے سے جہیز کا چلن اور بچپن کی شادی جیسی برائیاں ختم ہوجائیں تو معاشرہ خوشحال اور ترقی یافتہ بن جائیگا۔