بھوپال۔۔۔۔ مدھیہ پردیش میں گزشتہ دنوں میونسپل الیکشن کے جو نتائج برآمد ہوئے ہیں ان میں کانگریس کو9اور بی جے پی کو9شہروں میں کامیابی ملی جبکہ انوپ پور کی سیٹ آزاد امیدوار کے حصے میں آئی جو بی جے پی کے ہی باغی امیدوار تھے۔ یہ نتائج جہاں کانگریس کے لئے ’آکسیجن‘ کی مانند ہیں وہیں بی جے پی کے لئے ہوش اڑا دینے والا بھی ۔ میونسپل الیکشن میں کانگریس اور بی جے پی دونوں کو 43-43 فیصد ووٹ ملے۔ حاصل شدہ ووٹوں کی تعداد بھی انتہائی قریب رہی۔ بی جے پی کو جہاں کل 131470 ووٹ ملے وہیں کانگریس کو 131389 ووٹ ملے، یعنی کانگریس بی جے پی سے محض 81 ووٹوں سے پیچھے رہی۔واضح ہوکہ ضلع دھار کی مناور نگر پالیکا 45 سالوں اور دھار نگر پالیکا 23 سال بعد کانگریس جیتنے میں کامیاب ہوئی۔ قابل غور بات یہ بھی ہے کہ یہ سبھی علاقے قبائلی اکثریت والے ہیں جہاں پر بی جے پی کی زبردست گرفت رہی ہے۔دگ وجے سنگھ کے بغیر راگھو گڑھ کا محفوظ رہنا بھی دلچسپ ہے۔ بڑوانی سے کانگریس کے لکشمن چوہان نے 4 مرتبہ بی جے پی ممبر اسمبلی رہے پریم سنگھ پٹیل کو شکست دے کرمیونسپل چیئرمین کا عہدہ حاصل کیا۔ 2012 کے ان 19 میونسپل الیکشن میں جہاں بی جے پی کے پاس 12 نشستیں اورکانگریس کے پاس 7 تھیں اب ان کی تعداد9-9سے برابر ہوگئی۔