آزاد کشمیر ، شمالی علاقہ جات اور پنجاب میں 382 اسکول،103790 طلبہ،9960 یتامیٰ زیور تعلیم سے آراستہ ہورہے ہیں
* * * *
محمد وحید اسلم۔ الخبر
وطن عزیز کے کونے کونے میں علم کی شمعیں روشن کرنے اور اندھیروں کو روشنی میں بدلنے کا عزم صمیم لئے رِیڈ فاؤنڈیشن پاکستان نے گزشتہ شب’’تعلیم بدلے زندگی‘‘کے بینر تلے الخبر میں ایک سیمینار کا انعقاد کیاجس میں منطقہ شرقیہ کے تمام مکاتب فکر کے پاکستانیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔تقریب میں پاکستان فورم،کشمیر فورم،ڈاکٹرز فورم، پروفیشنلز فورم ، الخدمت کمیٹی اور انسٹیٹیوٹ آف انجینیئرز پاکستان کے ذمہ داران بھی شریک ہوئے۔
نظامت کا فریضہ انجینیئر رضوان احمد نے اپنے مخصوص دھیمے لہجے اور شاعرانہ انداز میں ادا کیا۔ کلام پاک کی سعادت نوجوان اسد ترمذی کو حاصل ہوئی جس کے بعد انجینیئر احسان احمد نے نہایت خوبصورت انداز میں نعت رسول مقبول پیش کی۔ حبیب خان جنہوں نے ضلع بھمبر کے ایک گائوں میں رِیڈ فائونڈیشن زیتون میموریل گرلز ہائی اسکول تعمیر کروایا ہے ،اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔ انہوں نے رِیڈ فائونڈیشن کے مالی معاملات میں شفافیت پر گہرے اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ شکوہ ظلمت شب سے کہیں بہتر ہے کہ انسان اپنے حصے کی شمع جلانے کی کوشش کرے۔راقم الحروف نے 2ا سکولوں کی تعمیر کے اپنے تجربے سے آگاہ کیا۔انہوں نے گزشتہ دنوں رِیڈ فائونڈیشن کے ان اسکولوں کا دورہ کیا جن کے لئے وہ معاونت فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے ان کے مثالی تعلیمی معیار، نظم وضبط اور رہائشی سہولیات پر بھر پور اطمینان کا اظہارکیا۔
رِیڈ فاؤنڈیشن کے جنرل منیجر محمد شفیق خان نے ڈاکومینٹری فلم اور پاور پوائنٹ پریزینٹیشن کے ذریعے رِیڈ فاؤنڈیشن کے اغراض و مقاصد اور بچوں کی تعلیم پر اٹھنے والے اخراجات اور آئندہ کے منصوبہ جات اور لائحہ عمل پر تفصیلی رپورٹ پیش کی جسے حاضرین نے بیحد سراہا۔انہوں نے بتایا کہ آزاد کشمیر اور پاکستان کے شمالی علاقہ جات اور پنجاب میں 382 اسکول،ایک لاکھ3ہزار790 طلبہ،9ہزار960 یتامیٰ اور 5 ہزار438 اساتذۂ کرام طلبہ کو زیور تعلیم سے آراستہ کر رہے ہیں۔ یہ تمام تر منصوبے اور ان پر اٹھنے والے اخراجات ایک مشترکہ خاندان کی مانند آنے والی نسلوں کی فلاح و بہبوداور معیاری تعلیم کے حصول کو ممکن بنانے کیلئے اپنے وطن اور وطن سے دور دردمند دل رکھنے والے احباب کے بھر پور اور مسلسل تعاون سے ممکن ہو رہا ہے۔
آخر میں ایک یتیم بچی کی زندگی میں رِیڈ فاؤنڈیشن سے آنے والی تبدیلی پر ایک ڈاکومنٹری کیس اسٹڈی کے طور پر دکھائی گئی۔ حاضرین نے بڑی دلجمعی سے یتیم بچی کی کیس اسٹڈی کو دیکھا اور رِیڈ فاؤنڈیشن کی کاوشوں کو سراہااور ان کے آئندہ کے منصوبوں میں دلچسپی کا اظہار کیا۔تقریب میں حبیب خان اور صہیب خان کی رِیڈ کیلئے خدمات پر شیلڈز اور انکی معاونت سے تعمیر ہونے والے اسکولوں کی رپورٹس پیش کی گئیں۔ شرکاء میں انجینیئر رضوان احمد،حبیب خان،، صہیب خان،خواجہ عصمت امین،رفعت رشید عباسی، عبدالقیوم اشرف ،اسعد فخرالدین، محمد اعظم رندھاوا ،محمد فیصل چوہدری، سید راشد ترمذی، ڈاکٹر وجاہت حسین پیرزادہ، چوہدری محمد صدیق اور ڈاکٹر محمد اشرف نون نمایاں تھے۔سید راشد ترمذی کی دعا اور عشائیہ کے ساتھ تقریب کا اختتام ہوا۔