Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آسٹریلین اوپن: ڈوکووچ آوٹ، فیڈررکوارٹر فائنل میں، اعصام آج کھیلیں گے

میلبورن:سابق عالمی نمبر ون سرب کھلاڑی نوواک ڈوکووچ کوارٹر فائنل میں شکست سے سال کے پہلے گرینڈ سلام ٹینس ٹورنامنٹ آسٹریلین اوپن سے باہر ہوگئے جبکہ مینز سنگلز میں دفاعی چیمپیئن اور عالمی نمبر2 سوئس ٹینس اسٹار راجر فیڈرر کے علاوہ جمہوریہ چیک کے ٹوماس برڈچ، جنوبی کوریا کے ہیون چنگ اور غیر معروف امریکی کھلاڑی ٹینیز سینڈ گرن کوارٹر فائنلز میں پہنچ گئے۔پاکستانی کھلاڑی اعصام الحق اور ان کے پولش جوڑی دار مارسین میٹکووسکی آج کوارٹر فائنلز میں امریکی بھائیوں رابرٹ برائن اور مائیک برائن سے مقابلہ کریں گے۔مینز سنگلز پری کوارٹر فائنل میں سربیا کے نوواک ڈوکو وچ کا مقابلہ جنوبی کوریا کے ہیون چنگ سے تھا ۔ ڈوکووچ پوری طرح فٹ نہیں تھے اور میچ کے پہلے سیٹ کے دوران کہنی میں تکلیف کے باعث اپنے ٹرینر کو طلب کرکے تکلیف سے چھٹکارے کی کوشش کی ۔ 21سالہ کورین کھلاڑی نے ان کی خراب فارم سے بھرپور فائدہ اٹھا کر یہ میچ7-6، 7-5اور7-6سے جیت کر انہیں فائنل کی دوڑ سے باہر کردیا ۔ ڈوکووچ 6ماہ کے بعد ٹینس کورٹ میں واپس آئے تھے لیکن ومبلڈن کی طرح اس گرینڈ سلام ٹورنامنٹ میں بھی ان کا سفر کوارٹر فائنل سے پہلے ختم ہو گیا۔دفاعی چیمپیئن راجر فیڈرر نے ہنگری کے مارٹن فیوکسوویکس کو 6-4، 7-6 اور 6-2سے ہرا کر میگا ایونٹ کے کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ دفاعی چیمپیئن راجر فیڈرر اب تک ایونٹ میں ایک بھی سیٹ نہیں ہارے اور انہوں نے اس میچ میں بھی اپنے حریف کو کوئی موقع نہیں دیا۔ایک اور میچ میں جمہوریہ چیک کے ٹو ماس برڈچ نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اٹلی کے فیبیو فوگنینی کو اسٹریٹ سیٹس میں6-1،6-1اور6-4 ے ہرا کر میگا ایونٹ کے کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کی جہاں اب ان کا مقابلہ راجر فیڈرر سے ہوگا۔ رینکنگ میں 97ویں نمبر کے امریکی کھلاڑی ٹینیز سینڈ گرن نے عالمی نمبر5 آسٹریا کے ڈومینک تھائم کو اپ سیٹ شکست سے دوچار کیا۔ ٹینیز سینڈ گرن نے پہلی مرتبہ گزشتہ سال کسی گرینڈ سلام ٹورنامنٹ میں شرکت کی تھی تاہم وہ کوئی میچ نہیں جیت سکے تھے جبکہ اس سال وہ مسلسل چوتھی کامیابی سمیٹ چکے ہیں۔ پاکستان کے اعصام الحق اور ان کے جوڑی دار کو پری کوارٹر فائنل میں حریف کھلاڑیوں کے ریٹائر ہونے سے آگے بڑھنے کا آسان موقع ملا تاہم اب انہیں حقیقی چیلنج کا سامنا ہوگا۔برائن برادران سیڈنگ میںچھٹے نمبر پر ہیں اور23گرینڈ سلام ٹائٹلز جیت چکے ہیں۔

شیئر: