اسلام آباد...وزیراعظم شاہدخاقان عباسی نے پھر کہا ہے کہ اگر امریکی امداد روکی گئی تو دہشت گردی کے خلاف لڑنے کے لئے پاکستان کی صلاحیت متاثر ہوگی ۔ پابندیوں کے نتیجے میں دہشتگردوں سے ہم نہیں لڑیں گے تو انہیں واشنگٹن کو لڑنا پڑے گا۔ افغانستان میں امریکی ناکامیوں پر قربانی کا بکرا نہ بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جن خیراتی اداروں پر امریکہ نے پابندی لگائی ہے ان کا کنٹرول حکومت سنبھال لے گی۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ صدرٹرمپ کے ٹوئٹ کا کوئی رسمی مطلب نہیں تاہم جس لہجے میں بات کی گئی وہ ناقابل قبول ہے۔انہوں نے ان اطلاعات کی تردید کی کہ پاکستان نے امریکہ کے ساتھ خفیہ معلومات کا تبادلہ ختم کردیا ہے۔شاہد خاقان نے کہا کہ ہزاروں پاکستانیوں کو عسکریت پسندی کے باعث اپنی جانوں سے ہاتھ دھونا پڑے۔معیشت کو 120 ارب ڈالر کا نقصان ہوا۔ انہوں نے امریکہ پر زور دیا کہ وہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا ا عتراف کرے۔