نئی دہلی۔۔۔۔۔اترپردیش کے کاس گنج میں یوم جمہوریہ کے موقع پر ترنگاجلوس میں نامناسب نعربازی سے شروع ہوا فرقہ وارانہ فساد اور پرتشدد کارروائیاں رکنے کا نام نہیں لے رہیں۔ شرپسندوں نے کئی بسوں میں آگ لگا دی۔اطلاع کے مطابق ایک کار سوارمحمد اکرم علیگڑھ سے آرہے تھے ۔جیسے ہی وہ کاس گنج کے نروئی گیٹ پر پہنچے فسادیوں نے انہیںگولی مارکر زخمی کردیا اور ان کی گاڑی توڑپھوڑ دی علاوہ ازیں شہر کے مختلف مقامات پر آتشزنی اور توڑ پھوڑ کی وارداتیں انجام دیں اور امن و امان کی فضا خراب کرنے کی کوششیں کرتے رہے ۔ اتوار کی صبح فسادیوں نے ایک دکان کو نذ ر آتش کردیا ۔ علاقے میں سخت سیکیورٹی کے باوجود بھی اس قسم کی وارداتوں کا ہونا سوچ سے بالا ہے۔انتظامیہ نے کاس گنج اور اطراف میں انٹر نیٹ سروس معطل کردی ۔شر پسندوں نے کاس گنج میں 6دکانیں ،3بسوں ، ایک مکان اور دیگر کئی جگہوں پر آتشزنی کی وارداتیں انجام دیں ۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 40شرپسندوں کو گرفتار کرلیا۔