نئی دہلی۔۔۔۔۔دہلی میں کاروباری اداروں کی سیلنگ ، خردہ کاروبار کو غیر ملکی کمپنیوں کیلئے پوری طرح کھولنے اور منفعت بخش عہدہ معاملے میں عام آدمی پارٹی کے 20ارکان کو نااہل قراردینے کے خلاف بڑی تعداد میں پارٹی کارکنوں نے پٹیل چوک پر مظاہرہ کیا۔ مظاہرین ہاتھ میں پلے کارڈز اٹھائے ہوئے حکومت مخالف نعرے لگارہے تھے۔پارٹی کے رہنما آشوتوش ، دلیپ پانڈے اور دیگر کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔مظاہرے کی وجہ سے ٹریفک جام ہوگیا ۔ عام آدمی پارٹی کے رہنماؤں نے پولیس پر الزام لگایا کہ وہ پرامن مظاہرہ کررہے تھے لیکن پولیس نے طاقت کا استعمال کرتے ہوئے خواتین کو بھی نہیں بخشا۔ مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ کاروباری اداروں کی سیلنگ روکنے کیلئے مرکزی حکومت قانون وضع کرے۔عام آدمی کے ارکان پارلیمنٹ نے سیلنگ کے خلاف پارلیمنٹ کے احاطے میں نصب مہاتما گاندھی کے مجسمے کے سامنے بیٹھ کر اپنا احتجاج درج کرایا۔