Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عامرخان بیوی کی توہین پر کینیڈین باکسر پر ٹوٹ پڑے

لندن: پاکستانی نژاد برطانوی باکسرعامر خان نے اپنی بیوی فریال مخدوم اور نجی زندگی کے بارے میں نازیبا کلمات کہنے پر پریس کانفرنس کے دوران سب کے سامنے کینیڈین باکسر فل لو گریکو کے منہ پر پانی پھینک دیا۔ باکسر عامر خان اور ان کے حریف باکسر فل لو گریکو کے درمیان پریس کانفرنس کے دوران اس وقت بدمزگی پیدا ہوگئی جب گریکو نے سب کے سامنے نہ صرف عامر خان کی نجی زندگی کے بارے میں بولنا شروع کردیا بلکہ ان کی بیوی فریال مخدوم اور اینتھنی جوشوا کے تعلقات کے بارے میں بھی نازیباکلمات کہنے شروع کر دئیے۔ پہلے تو عامر خان گریکو کی بات پر مسکراتے رہے اور ضبط کرتے رہے تاہم جب معاملہ ان کی برداشت سے باہر ہوگیا تو انہوں نے میز پر رکھا ہوا پانی سے بھرا گلاس اٹھایا اور پانی گریکو کے منہ پر پھینک دیا پھر عامر نے گریکو پر مکے برسانے کی کوشش کی تاہم تقریب میں موجود دیگرافراد نے بیچ بچاوکرایا۔بین الاقوامی میڈیا کے مطابق باکسر عامر خان تقریباً 2 سال بعد ایک بار پھر رنگ میں اتر رہے ہیں اور ان کی پہلی فائٹ 33 سالہ کینیڈین باکسر فل لو گریکو کے ساتھ 21 اپریل کو ہوگی۔ دونوں اسی حوالے سے لندن میں مشترکہ پریس کانفرنس میں شریک تھے ۔ دونوں کے درمیان لڑائی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔پروموٹرز نے دونوں کے درمیان بیچ بچاو کرایا اس طرح یہ لڑائی مزید بڑھنے سے پہلے رک گئی۔ گزشتہ برس عامر خان اور ان کی اہلیہ فریال مخدوم اپنی گھریلو زندگی اور تنازعات کے باعث ساراسال خبروں میں رہے تھے۔ بعد ازاں عامر خان نے فریال کو طلاق دینے کا فیصلہ کیا تھا جسے واپس لیتے ہوئے انہوں نے سب کچھ ٹھیک ہونے کا اعلان کیا۔
 

شیئر: