Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان نے مشتبہ طالبان حوالے نہیں کئے،افغان سفیر

 اسلام آباد...پاکستان میں افغان سفیر ڈاکٹر عمر زاخیلوال نے کہا ہے کہ پاکستان نے مشتبہ طالبان کابل کے حوالے نہیں کئے۔افغان سفیر نے وزارت خارجہ کے اس بیان پر حیرت کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان نے گذشتہ نومبر افغان طالبان اور حقانی نیٹ ورک کے 27 مشتبہ افراد افغانستان کے حوالے کئے ہیں۔ ٹوئٹر پر بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ میرے لئے ایک خبر ہے۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو یہ دو طرفہ تعلقات میں انتہائی بڑی پیش رفت ہوگی۔ انہوں نے افغان ٹی وی کی اس رپورٹ کی تردید کی کہ افغان صدر نے وزیراعظم شاہد خاقان کا ٹیلی فون سننے سے انکار کیا۔ واضح رہے کہ دفتر خارجہ کا بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب افغان وزیر داخلہ اور خفیہ افغان ایجنسی کے سربراہ اسلام آباد میں پاکستان کی اعلیٰ سیاسی اور فوجی قیادت سے بات چیت کےلئے موجود ہیں۔پاکستانی ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے اعلیٰ افغان وفد کی موجودگی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ وفد افغان صدر اشرف غنی کا خصوصی پیغام لے کر اسلام آباد آیا ہے۔

شیئر: