ریاض۔۔۔۔باخبرذرائع نے واضح کیا ہے کہ سعودی آرامکو اور الفا بٹ کمپنی ’’گوگل‘‘نے سعودی عرب میں عظیم الشان ٹیکنالوجی سینٹر قائم کرنے کا اصولی معاہدہ کرلیا۔ یہ امریکی شہر سانفرانسسکو میں قائم سیلیکن ویلی کے طرز کا ہوگا۔ سعودی عرب اور امریکہ کی کمپنیوں کے اعلیٰ عہدیدار کئی ماہ سے اس منصوبے پر کام کررہے تھے۔ ولیعہد شہزادہ محمد بن سلمان ، نئی ٹیکنالوجی اور مزید تجربات سعودی عرب منتقل کرنے کیلئے مذکورہ معاہدے کی حوصلہ افزائی میں لگے ہوئے تھے۔ باخبر ذرائع نے بتایا کہ سعودی عرب میں سیلیکن ویلی کے قیام کا معاہدہ حتمی مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔ اس کے بموجب الفا بٹ کمپنی سعودی عرب میں آرامکو کمپنی کو عظیم الشان ٹیکنالوجی سینٹر قائم کرنے میں مدد کریگی۔گوگل کمپنی اس معاہدے کے توسط سے سعودی عرب میں اپنی بنیاد رکھنا چاہتی ہے تاکہ مستقبل میں مائیکروسافٹ اور امیزون حریف کمپنیوں پر سبقت حاصل کرسکے۔