ہوانا۔۔۔کیوبا کے سابق انقلابی رہنما فیدل کاسترو کے بیٹے اینجل کاسترو نے خود کشی کر لی ۔ 68 سالہ اینجل کاسترو دارالحکومت ہوانا میں مردہ پائے گئے ۔ خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ ڈپریشن کا شکار تھے۔اینجل کاسترو، فیدل کاسترو کے پہلے بیٹے خاندانی مشابہت کی وجہ سے "فیدلتو" (لِٹل فیدل)کے نام سے مشہور تھے۔وہ ایک جوہری طبیعیات دان تھے اور انھوں نے سابق سوویت یونین سے تربیت حاصل کی تھی۔کیوبا کے سرکاری اخبار گرانما کے مطابق ڈاکٹروں کا ایک گروپ گزشتہ کئی مہینوں سے اینجل کاسترو کا شدید ڈپریشن کی وجہ سے علاج کر رہا تھا۔سرکاری ٹی وی کے مطابق اینجل کاسترو حالیہ مہینوں میں ایک مقامی ہسپتال میں زیرِ علاج تھے۔اپنی موت کے وقت وہ کیوبن کونسل آف اسٹیٹ میں سائنسی مشیر تھے۔ انھوں نے کیوبا کی اکیڈمی آف سائنسز کے نائب صدر کی حیثیت سے خدمات سر انجام دیں۔انھوں نے 1980 سے 1992ء کے دوران اپنے ملک کے جوہری پروگرام کی سربراہی کی۔ اینجل کاسترو نے کئی کتابیں لکھیں اور دنیا بھر میں تعلیم سے متعلق منعقد ہونے والے اجلا س میں اپنے ملک کی نمائندگی کی۔