ملتان...وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ توہین عدالت کے سب سے بڑے مرتکب پرویز مشرف ہیں۔عدالت کا رعب تب قائم ہوگا جب مشرف کو بھی نہال ہاشمی کی طرح جیل میں ڈالا جائے گا۔ ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی نااہلی پر پوری دنیا نے تحفظات کا اظہار کیا ہے،اگر تحفظات کے اظہار سے توہین عدالت ہوتی ہے تو پھرتو جی ٹی روڈ مارچ میں جانے والے سب لوگ توہین عدالت کے مرتکب ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عدالت آئین شکنی،ججوں کو بند کرنے اور چیف جسٹس کو بالوں سے پکڑ کر گھسیٹنے پر مشرف کو سزا دینے سے قاصر ہے تو پھر بے چارے سیاسی کارکنوں کو بند کرنے سے عدالت کا رعب قائم نہیں ہوگا،جس دن سپریم کورٹ پولیس کو کہے گی کہ پرویز مشرف کو پکڑ کر اڈیالہ جیل میں بند کرلیں جس طرح نہال ہاشمی کو بند کیا اس دن میں مانوں گا کہ سپریم کورٹ آزاد ہوگئی ۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) یا نوازشریف کو نشانہ بنایا جائے گا تو لوگ سمجھیں گے کہ قبل از وقت انتخابات دھاندلی کا ایجنڈا ہے۔انہوں نے کہا کہ آئین کی حکمرانی کے لئے ہر ادارے کو آئین کی روشنی میں اپنے کردار پر توجہ دینی چاہئے۔اگر عوام کی نظر میں سپریم کورٹ متنازعہ ہوجائے تو بھی ہمارا اتنا ہی نقصان ہوگا جتنا نوازشریف کی برطرفی پر ہوا۔پاکستان کو آگے لے جانے کے لئے استحکام ضروری ہے۔انتشار کو ختم کرنا ہوگا۔