شاہ فہد قرآن پرنٹنگ پریس ملت اسلامیہ کےلئے عظیم الشان تحفہ ہے ،معتمرین
مدینہ منورہ.... خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے عمرہ پروگرام کے تحت آنے والے 200 معتمرین نے مدینہ منورہ میں مختلف تاریخی مقامات کا دورہ کیا ۔معتمرین کا کہنا ہے کہ انہیں مملکت آکر بے حد خوشی ہو ئی ۔ برسوں کی آرزوتھی پوری ہوئی۔ ہماری دعا ہے کہ رب کریم مملکت کو دشمنوں کی نظروں سے دور رکھے اور خادم حرمین شریفین کو اسلام کی خدمت کرنے کا اجر عطا فرمائے ۔ سعودی خبر رساں ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے سینٹر ل ایشیاء سے آنے والے معتمرین نے کہا حرمین ہمارے دلوں میں بستے ہیں۔ ہر مسلمان کےلئے قبلہ کا احترام او ر تقدس اولین فرض ہے ۔ اس ماہ آنے والے شاہی مہمانوں کا تعلق سینٹرل ایشیا اور مشرقی یورپی ممالک سے ہے۔ پروگرام کے آپریشنل ڈائریکٹر نے بتایا کہ شاہی عمرہ پروگرام کے تحت آنے والوں کو مسجد نبوی الشریف کی زیارت کے بعد مسجد قبا ءلے جایا گیا جہاں انہو ںنے 2رکعت نفل ادا کئے اس کے بعدشہدا ئے احد کے مقام پر لے جایا گیا۔ شاہی مہمانوں کومعروف احد کا پہاڑ بھی دکھایا گیا ۔ شاہی مہمانوں کے ساتھ مترجمین کی سہولت بھی تھی جو انہیں اسلامی تاریخی واقعات جو ان مقامات سے متعلق تھے کے علاوہ شرعی مسائل سے بھی آگاہ کر تے رہے ۔ مسجد قبلتین جہاں قبلہ کی تبدیلی کا حکم ربانی صادر ہوا جس کے بعد کعبہ شریف اہل اسلام کے لئے قبلہ قرار پایا گیا ۔ مسجد قبلتین میں بھی شاہی مہمانوں نے نوافل ادا کئے اور یادگاری تصاویر بنوائیں ۔ مہمانوں نے سب سے زیادہ دلچسپی شاہ فہد قرآن کریم پرنٹنگ پریس میں لی اس موقع پر پریس کے منتظمین نے انہیں قرآن کریم کی چھپائی کے تمام مراحل سے مطلع کرتے ہوئے بتایا کہ اس وقت کتنی زبانوں میں ترجمے کئے جاتے ہیں ۔ پریس کی انتظامیہ نے قرآن کریم کی چھپائی کا آخری اور اہم مرحلہ جس میں پروف ریڈنگ کی جاتی ہے کے بارے میں بھی تفصیل سے وفد کو آگاہ کیا جس کے مطابق قرآن کریم کو چھپائی کے بعد غلطی کے امکان کو مکمل طور پر ختم کرنے کےلئے حفاظ سے ملایا گیا جو چھپنے والے قرآن کریم کو دیکھ کر اپنی تصدیق کرتے ہیں جس کے بعد انہیں پیک کر کے مساجد میں دیگر اداروں میں ارسال کیا جاتا ہے ۔ زائرین کا کہنا تھا کہ شاہ فہد قرآن کریم پرنٹنگ پریس عظیم الشان منصوبہ ہے جس سے عالم اسلام کو بے پناہ فائدہ ہو رہا ہے ۔