نئی دہلی۔۔۔۔۔کانگریس نے ڈوکلام اور تبت میں چین کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں پر مودی حکومت سے سوال کیاہے کہ وہ عوام سے حقیقت حال کیوں چھپارہی ہے؟۔ کانگریس کا دعویٰ ہے کہ ڈوکلام کے ساتھ تبت میں بھی چین اپنی فضائیہ کو مضبوط کررہاہے ۔ گزشتہ 3ہفتوں میں چین نے 51جنگی جہاز علاقے میں پہنچادیئے جوباعث تشویش ہے۔ کانگریس نے سوال کیا کہ مودی حکومت وہاں کی صورتحال سے آگاہ کیوں نہیں کرتی؟ وہاں کے زمینی حقائق سے پردہ کیوں نہیں اٹھاتی۔ محکمہ خفیہ کی رپورٹ کے مطابق تبت کے اضلاع لہاسہ اور گونگکا میں چین نے 8جنگی جہازکے علاوہ 22ایم آئی 17ہیلی کاپٹر ، ایک ایئر بورن کے جے500طیارہ فضائی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کیلئے تعینات کیا۔ علاوہ ازیں چین نے زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل یونٹ سمیت متعدد جنگی ساز و سامان نصب کردیئے۔ باخبر ذرائع کے مطابق سکم میں بھی چین کے کئی جنگی جہاز دیکھے گئے۔ چین کے روئیے سے ظاہر ہوتا ہے کہ اسے ڈوکلام میں ہندوستانی مداخلت قابل قبول نہیں۔