راولپنڈی...عسکری قیادت نے بڑھتی ہوئی سیز فائر کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ کسی بھی ہندوستانی مہم جوئی کا بھرپور جواب دیا جائیگا ۔ علاقائی امن واستحکام کےلئے سٹیک ہولڈرز سے تعاون کے دور ان قومی مفاد کو مقدم رکھا جائے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈر کانفرنس بدھ کو جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت ہوئی ۔ خطے کی سیکیورٹی سے متعلق امریکی پالیسیوں کے تناظر میں صورتحال کا جائزہ لیا گیا ۔آپریشن ردالفساد پر پیشرفت اور ہند کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزیوں میں اضافے کے معاملے پر بھی غور کیا گیا۔کور کمانڈرزنے انسداد دہشتگردی کےلئے کی جانے والی کوششوں کو مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا تاکہ پاکستان اور خطے دونوں کےلئے پائیدار امن اور استحکام حاصل ہو سکے ۔اجلاس کے شرکاءنے کہاکہ سیز فائر کی خلاف ورزیاں امن کےلئے نقصان دہ ہیں تاہم ان خلاف ورزیوں یا کسی بھی ہندوستانی مہم جوئی کا موثر انداز میں جواب دیا جائیگا ۔