’سعودی عرب، چین اور ایران‘ کی سہ فریقی کمیٹی کا اجلاس، بیجنگ معاہدے پر عمل درآمد کا اعادہ
اجلاس میں بیجنگ معاہدے کی تمام شقوں پر عمل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں بیجنگ معاہدے کے حوالے سے ’سعودی عرب، چین اور ایران‘ کی سہ فریقی کمیٹی کا دوسرا اجلاس سعودی نائب وزیر خارجہ انجینیئر ولید بن عبدالکریم الخریجی کی صدارت میں منعقد ہوا۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق اجلاس میں چینی وفد کی سربراہی نائب وزیرخارجہ دانگ لی جبکہ ایرانی وفد کی قیادت ڈاکٹر مجید تخت روانجی نے کی۔
اجلاس میں سعودی عرب اور ایران نے بیجنگ معاہدے کی تمام شقوں پر عمل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم کے چارٹر کے مطابق جس میں ریاستی خود محتاری، باہمی احترام اور بہترین ہمسایہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی کوششوں کو جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
سعودی عرب اور ایران کی جانب سے جمہوریہ چین کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے بیجنگ معاہدے کے نفاذ کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
چین نے بھی سعودی عرب اور جمہوریہ ایران کی جانب سے مختلف شعبوں میں اپنے تعلقات کو فروغ دینے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کی حوصلہ افزائی کی اور اس تعاون کو جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔
اجلاس میں سعودی ایرانی مشترکہ میڈیا کمیٹی کے پہلے اجلاس کے انعقاد سمیت شہزادہ سعود الفیصل انسٹی ٹیوٹ فار ڈپلومیٹک سٹڈیز اور ایرانی وزارت خارجہ کے انسٹی ٹیوٹ آف پولیٹیکل اینڈ انٹرنیشنل سٹڈیز کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کا خیرمقدم کیا گیا۔
سہ فریقی اجلاس میں تینوں ممالک نے مشترکہ طور پر فلسطین اور لبنان میں جاری اسرائیلی جارحیت کی پرزور مذمت کرتے ہوئے اسے فوری روکنے کا مطالبہ کیا۔ علاوہ ازیں ایران کی خودمختاری اور سالمیت کو خطرے میں ڈالنے والے اسرائیل حملوں کو بھی ناقابل قبول قرار دیا گیا۔