ہند نے جنوبی افریقہ کو 124رنز سے ہرا دیا،سیریزمیں 0-3 کی ناقابل تسخیر برتری
کیپ ٹاون:ہند اور جنوبی افریقہ کے مابین 6ون ڈے کی سیریز کا تیسرا میچ ہند نے 124رنز سے جیت لیا۔ 304رنز کے ہدف کیلئے جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 40اوورز میں 179رنز پر ڈھیر ہو گئی۔یہ میچ بھی گزشتہ دو میچوں کی طرح یکطرفہ ثابت ہوا۔ یہاں کھیلے جانیوالے ڈے/نائٹ میچ میں ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ نے مہمان ٹیم کو کھیلنے کی دعوت دی جو اس کے گلے پڑ گئی۔ کپتان فاف ڈوپلیسس سمیت دیگر 2سینیئر کھلاڑیوں کے بغیر کھیلنے والی نسبت ناتواں ٹیم کوہلی الیون کا سامنا نہ کرسکی۔ ہند نے اننگز کا آغاز کیا تو روہت شرما صفر پر آوٹ ہوگئے۔ان کے بعد کپتان ویرات کوہلی، شیکھر دھون کا ساتھ دینے کریز پر آئے اور 140رنز کی پارٹنرشپ قائم کردی۔ شیکھر دھون نے نصف سنچری بناتے ہوئے 76رنز کی اننگز کھیلی۔ویرات کوہلی نے ایک بار پھر شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے گراونڈ کے چاروں طرف جاندار اسٹروک پلے کا مظاہرہ کیا۔ کوہلی نے 12چوکوں اور 2چھکوں کی مدد سے 160رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ ویرات کوہلی شاندار بلے بازی کی بدولت مین آف دی میچ قرار پائے۔ مقررہ 50اوورز میں ہند نے 6وکٹوں کے نقصان پر 303رنز بنائے۔ڈومنی نے 2اور عمران طاہر نے ایک وکٹ حاصل کی۔ کپتان فاف ڈوپلیسس کے زخمی ہونے کے بعد ایڈن مارکرم کی قیادت میں کھیلے جانیوالے دوسرے ون ڈے میں بھی جنوبی افریقہ کی ٹیم سنبھل نہ سکی۔ جنوبی افریقہ کے اوپنر ہاشم آملہ ایک بار پھر کامیاب نہ ہو سکے اور دوسرے ہی اوور میں ایک رنز بنا کربمرا کی گیندپر ایل بی ڈبلیوہوگئے۔ ا س کے بعد کپتان مارکرم کے ساتھ پال ڈومنی نے قدرے سنبھل کر کھیلنے کی کوشش کی۔ مارکرم 32رنز بنا کر آوٹ ہوئے جبکہ ڈومنی نصف سنچری بنانے میں کامیاب ہوئے انہوں نے 51رنز بنائے۔ ہدف حاصل کرنے کیلئے جنوبی افریقہ کی ٹیم منزل کی جانب گامزن رہی لیکن سست روی کے باعث33ویں اوورز میں 150رنز پر 5وکٹیں گنوا چکی تھی۔ آخری 5کھلاڑی7.3اووز میں صرف 29رنز کا اضافے میں آوٹ ہوئے۔ دوسرے میچ میں 5وکٹیں حاصل کرنیوالے یزویندر سنگھ چہل نے اس میچ میں 4وکٹیں حاصل کیں، کلدیپ یادو نے بھی 4کھلاڑیوں کو آوٹ کر کے بولنگ میں ان کا بھرپور ساتھ دیا۔ 2وکٹیں جسپریت بمرا کے حصے میں آئیں۔ ہند نے جنوبی افریقہ سے عالمی رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن بھی چھین لی ہے جسے واپس حاصل کرنے کیلئے جنوبی افریقہ کو لمبا عرصہ انتظار کرنا پڑے گا۔چوتھا ون ڈے جوہانسبرگ میں 10فروری کو کھیلا جائے گا۔