میانوالی... وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل جمہوریت میں ہے، جمہوریت کا تسلسل برقرار رہے گا تو ملک ترقی کرے گا۔ 2018ءکے بعد بھی مسلم لیگ(ن) کی حکومت قائم ہوگی۔ موجودہ دور حکومت میں جتنے کام ہوئے ہیں اتنے 65 سال میں نہیں ہوئے ۔ حکومت نے دھرنوں، مشکل حالات کے باوجود کام کرائے اور سیاسی سازشوں کا مقابلہ کیا۔انہوں نے کہا کہ سینیٹ انتخابات میں لوٹ کھسوٹ اور ضمیر فروشی کرنے والے عوام کے نمائندے نہیں ہوسکتے، جو لوگ ہارس ٹریڈنگ میں ملوث ہونگے انہیں بے نقاب کریں گے۔ انہوںنے کہا کہ عوام فیصلہ کریں کہ انہیں کام کرنے والوں کو ووٹ دینا ہے یا گالیاں دینے والوں کو۔خیبرپختون خوا سمیت چاروں صوبوں کی حکومتوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے تو وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے کاموں کا کوئی مقابلہ نہیں کرسکتا۔