نئی دہلی۔۔۔۔۔اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ ریاست میں سبھی 80ہزار راشن دکانوں کو بایو میٹرک نظام سے مربوط کیاجارہا ہے۔اس سلسلے میں ابتک 37لاکھ فرضی راشن کارڈ کا پتہ چلا ہے۔وزیر اعلیٰ نے ڈیجیٹل نظام کے فوائد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں راشن کارڈ کو آدھار سے جوڑنے اور راشن کی دکانوں پر بایو میٹرک مشینیں لگانے کی تیاری شروع کردی گئی ہے۔ابتدائی سروے سے معلوم ہوا کہ ریاست میں 37لاکھ فرضی راشن کارڈ موجود ہیں۔ ایسے راشن کارڈ رکھنے والوں کی یاتو موت ہوچکی ہے یا انکا وجود ہی نہیں ۔ اس کے ذریعے راشن کی چوری ہورہی تھی جس سے سرکاری خزانے کو بھاری نقصان پہنچ رہا تھا۔ اسے روکنے کیلئے حکومت نے تجرباتی طور پر 14ہزار راشن دکانوں پر بایو میٹرک نظام کے تحت سبھی راشن کارڈز کو آدھار سے جوڑاجس سے راشن کی چوری پر قابوپایا گیا۔ اس سے حکومت کو ماہانہ 33کروڑروپے کا فائدہ ہونا شروع ہوگیا۔