لندن.... مقامی کنگ کالج کے شعبہ دندان سازی کے ماہرین نے دعویٰ کیا ہے کہ دانتوں کو جلد اگانا دوبارہ ممکن ہوسکے گا۔ انکے دعوے کے مطابق دندان سازی کے شعبے میں جو جدید ترین تحقیقی پیشرفت ہوئی ہے اس سے یہ بھی ممکن ہے کہ دانتوںمیں جو گڑھے پڑ جاتے ہیں انہیں بھی دانتو ںکے اردگرد پائے جانے والے اسٹیم سیلز کی مدد سے بھر دیا جائے۔ اس سارے مرحلے میں اصل کردار اسٹیم سیلز کا ہوگا۔ جنہیں متحرک اور فعال بنانے کیلئے دانت کی جڑوں میں جسے ٹوتھ پلپ کہا جاتا ہے مختلف دوائیں استعمال کی جائیں گی۔ یہ استعمال انجکشن کے ذریعے بھی ہوسکتا ہے اور کھانے والی ادویہ کے ذریعہ بھی۔ طبی نکتہ نظر سے اسٹیم سیلز میں قدرت نے ایسی خصوصیات دی ہیں کہ وہ کسی بھی دوسرے خلیے کی شکل اختیار کرسکتا ہے اور پھر اگر دانتوں کا علاج اس سے کیا جائے تو وہ تمام دانت دوبارہ آسکتے ہیں جو حادثات کے نتیجے میں گرگئے یا ٹوٹ گئے۔