چنڈی گڑھ ۔۔۔۔جنتا دل یو نائٹیڈ کے رہنما شرد یادو نے کہا کہ ’’سانجھی وراثت بچاؤ‘‘مہم کا مثبت اثر نمایاں ہورہاہے۔ اس میں ملک کی 18سیاسی جماعتوں نے شرکت کا اعلان کیا ہے۔صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے شرد یادو نے کہا کہ دہلی، ممبئی ، جے پور میں اجلاس منعقد کئے گئے جہاں مودی حکومت کی پالیسیوں پر خدشات ظاہر کئے گئے۔انہوں نے کہا کہ نریندر مودی نے الیکشن موقع پر عوام سے وعدہ کیا تھا کہ اچھے دن آنیوالے ہیں اور وہ کالا دھن ختم کرکے ہر شہری کے اکاؤنٹ میں 15لاکھ روپے جمع کرائیں گے لیکن وہ تو درکنار حالت یہ ہے کہ نوٹ بندی کے بعد جی ایس ٹی نے ملک کی معیشت تباہ کردی۔ریئل اسٹیٹ، چھوٹی صنعتوں اور کسانوں کی حالت بد سے بدتر ہوتی جارہی ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ دیش میں غیر اعلانیہ ایمرجنسی لگی ہوئی ہے۔حکومت آئین پر عمل کرنے کا حلف لینے کے باوجود اس پر عمل نہیں کررہی۔انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی غیر آئینی سرگرمیوں میں ملوث ہے۔وہ عوام کو مذہب کے نام پر تقسیم کی پالیسی پر گامزن ہے۔