نئی دہلی۔۔۔۔کانگریس کے سابق رہنما منی شنکر ایئر نے کراچی میں ایک پروگرام میں شرکت کے دوران کہا کہ میں پاکستان سے پیار کرتا ہوں اور مجھے ہندوستان بھی عزیز ہے۔شنکر نے پاک ہند دوطرفہ تعلقات کی بحالی کیلئے غیر مشروط بات چیت پر زوردیا۔پروگرام کے دوران انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تنازعات کا حل غیر مشروط مذاکرات میں مضمر ہے۔انہوں نے بات چیت کے ذریعے تنازعات حل کرنے کے سلسلے میں پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی۔ شنکر نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ دونوں ممالک مذاکرات کی میز پر آئیں اور تنازعات کے موضوع پر بات چیت کرکے مسائل کو حل کرکے خطے کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں۔شنکر کے بیان کیخلا ف پارٹی میں مخالفت شروع ہوگئی۔ کانگریس پارٹی کے سیکریٹری اور سابق رکن پارلیمنٹ ہنومنت راؤ نے راہول گاندھی کو خط تحریر کرکے مطالبہ کیا کہ منی شنکر ایئرکو پارٹی سے نکال دیا جائے کیونکہ انہی کے بیان کی وجہ سے گجرات الیکشن میں کانگریس پارٹی کو نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔