اسلام آباد... صدر ممنون نے کہا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں امن و استحکام خطے اور عالمی امن کےلئے ناگزیر ہے۔ توقع ہے شام اور لیبیا میں جلد استحکام پیدا ہو گا۔ دونوں ممالک کے عوام امن و خوشحالی کی زندگی بسر کر سکیں گے۔ بدھ کو ایوانِ صدر میں لیبیا کےلئے پاکستان کے نامزد سفیر میجر جنرل (ر) ساجد اقبال اور شام کےلئے نامزد سفیر ایئر مارشل (ر) راشد کمال سے علیحدہ علیحدہ ملاقات میں صدر نے کہا کہ پاکستان شام اور لیبیا کے ساتھ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے فروغ کےلئے اقدامات کریں اور عوام کے درمیان روابط بڑھانے پر توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان لیبیا اور شام کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون میں اضافہ ضروری ہے تاکہ تعلقات میں مزید گہرائی پیدا ہو سکے۔ انہوں نے توقع ظاہرکہ شام کے مسئلہ کا سیاسی حل نکالا جائے گا۔