اسلام آباد...وزیر دفاع خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے۔پاکستان ذمہ دار جوہری ملک ہے۔ کم سے کم دفاعی صلاحیت برقرار رکھے گا۔ پاک، امریکہ تعلقات میں پیشرفت دھمکیوں اور امداد کی بندش سے نہیں جامع اور خوشگوار ماحول میں بات چیت سے ہوگی۔ جنوبی ایشیا میں امن کی تباہی کا ذمہ دار ہند ہے۔ پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کے لئے تیسرے ملک کی سر زمین استعمال کر رہا ہے۔ سینیٹ میں پالیسی بیان دیتے ہوئے خرم دستگیر نے کہا کہ خطے میں امریکہ 15 سال سے جنگ لڑ رہا ہے۔ کھربوں ڈالر خرچ کرنے کے باوجود کوئی فائدہ نہیں ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ہمیشہ علاقائی سالمیت اور استحکام کی بات کی ہے۔ حکومت ترکی اور سعودی عرب کے ساتھ دوستی کے لازوال رشتوں کو مزید مستحکم بنانے پر یقین رکھتی ہے۔ چین کے ساتھ بھی تعلقات وقت گزرنے کے ساتھ مزید مستحکم ہو رہے ہیں۔ دوستی کا یہ لازوال رشتہ سی پیک سے مزید مستحکم ہوگا۔ حکومت نے ایران کے ساتھ بھی تعلقات کو وسعت دی ہے ۔انہوں نے کہا کہ افغانستان کی داخلی خود مختاری اور سالمیت کا احترام کرتے ہیں لیکن یہ عمل دوطرفہ ہونا چاہئیے ۔محفوظ اور پر امن افغانستان ہماری خواہش ہے۔