جنوبی افریقہ پر دباﺅ سے فائدہ اٹھانے میں کامیاب رہے، ویرات کوہلی
جمعرات 15 فروری 2018 3:00
پورٹ الزبتھ:ہندوستانی کپتان ویرات کوہلی نے کہا ہے کہ ون ڈے سیریز کے آغاز ہی سے جنوبی افریقی ٹیم ممکنہ شکست کے دباو سے دوچار تھی اور ہم اسی دباو سے فائدہ اٹھانے میں کامیاب رہے۔میزبان ٹیم کی غلطیاں ہمارے کام آئیں اور ہم تاریخ رقم کرنے میں کامیاب ہو گئے۔ انہوں نے کہا جنوبی افریقہ میں پہلی مرتبہ ون ڈے سیریز جیتنے کا احساس بڑا پر لطف ہے اور اس کامیابی میں پوری ٹیم کی محنت اور کوشش شامل ہے ۔ ہر بیٹسمین اور ہر بولر نے اپنا کردار عمدگی سے ادا کیا جس کے نتیجے میں ہمیں یہ کامیابی سمیٹنے کا موقع ملا۔ ہندوستانی کپتان کا کہنا تھا کہ اب ہر ٹیم ورلڈ کپ کو مد نظر رکھتے ہوئے آگے بڑھ رہی ہے اور ہم بھی اس ہدف پر نظریں مرکوز کئے ہو ئے ہیں۔اس سیریز کے اختتام پر اپنی خامیوں کا جائزہ لے کر ان سے جان چھڑانے کی کوشش کریں گے تاکہ ورلڈ کپ کے لئے پوری طرح تیار ہو سکیں۔ کوہلی نے کہا فی الوقت ہمارا پہلا پروگرام اس سیریز کو1-5سے جیتنا ہے اور مجھے یقین ہے کہ ہمن اس میں کامیاب رہیں گے۔ ادھر جنوبی افریقی کپتان ایڈن مارکرام نے اعتراف کیا ہے کہ اسپنرز کے خلاف بیٹنگ لائن کی کمزوری ہند سے سیریز میں شکست کا سبب بنی۔پوری سیریز کے دوران ہمارے بیٹسمین ہندوستانی اسپنرز کے خلاف جدوجہد کرتے نظر آئے ۔ انہوں نے ہندوستانی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ وہ ہماری کمزوریوں سے فائدہ اٹھانے میں کامیاب رہے جبکہ ہم اپنی منصوبہ بندی کے مطابق کھیل کو آگے نہ بڑھا سکے۔