جیالا امریکی تیراک ٹائیگر شارک کیساتھ تیرتا رہا
ٹیکساس..... ٹیکساس کے جنوبی علاقے میں تیار کردہ ایک وڈیو اپنے اجراءکے فوری بعد ہی وائرل ہوگئی ہے۔ جس میں یہ صاف نظر آتا ہے کہ ایک انتہائی جیالا تیراک زیر آب تیراکی کے دوران بہت بڑی ٹائیگر شارک کے پاس پہنچ جاتا ہے جسکا وزن کم سے کم 700پاﺅنڈ ہوگا۔ اس اچانک خطرے کو دیکھنے کے باوجود تیراک ذرا بھی نہیں گھبرایا اور وہ اسی کے ساتھ تیراکی کرتا رہا۔ حد یہ کہ اس نے شارک کے منہ کو بھی کئی بار سہلایا اور وڈیو دیکھنے سے اندازہ ہوتا ہے کہ وہ شارک سے شاید یہ کہہ رہا تھا کہ چلو ہم دونوں ناچتے اور مزید گہرائی میں غوطے لگاتے ہیں۔ یہ وڈیو مقامی ساحلی علاقے میں غوطہ خوری کا ایک ادارہ چلانے والی کمپنی ایس ڈی ایم نے تیار کی ہے اور اسے یہ کہتے ہوئے جاری کیا گیا ہے کہ اگر آپ خطرناک سے خطرناک جانور یا دشمن کو بھی خلوص دل سے دوست بنانا چاہیں تو یقینی طور پر کامیاب ہوسکتے ہیں کیونکہ اس شارک نے اس بات کو ممکن ثابت کردیا ہے۔ ماہرین آبی حیاتیات کا کہناہے کہ شارکیں آبی جانوروں میں سب سے خطرناک شمار ہوتی ہیں۔ مگر اتنا خطرناک جانور بھی آپ کے اپنے رویئے اور برتاﺅ سے متاثر ہوسکتا ہے۔ ایس ڈی ایم کی تیار کردہ وڈیو انسٹا گرام پر جاری ہوئی ہے اور بیحد مقبول ہورہی ہے۔ ایک مرحلے میں تیراک اس قوی الجثہ شارک کو پانی کی اوپری سطح تک پہنچنے میں ہمت افزائی کرتا نظرآتا ہے اور ایسا کرنے کیلئے اس نے شارک کے جبڑوں کو اس طرح دونوں ہاتھوں سے پکڑ لیا جیسے وہ اس کے ساتھ رقص کرنا چاہتاہو۔تیراک کی اس حرکت کا بھی شارک نے کوئی برا نہیں بنایا اور وڈیو دیکھنے سے پتہ چلتا ہے کہ وہ بھی تیراک کی باتوں میں آگئی تھی۔