جمعہ 16فروری2018ء کو مملکت سے شائع ہونیوالے سعودی اخبار البلاد کا اداریہ نذر قارئین ہے۔
سعودی عرب خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر قیادت امدادی عمل اور انسانیت نواز خدمات کے باب میں مسلسل قائدانہ کردار ادا کررہا ہے۔ اس کا تازہ ترین ثبوت 10اور 11جمادی الثانی کو پہلے بین الاقوامی انسانیت نواز ریاض فورم کا انعقاد ہے۔
سعودی عرب اپنے قیام کے روز اول سے لیکر تاحال دنیا بھر کے مصیبت زدہ گان اور قدرتی آفات سے متاثرین کی مدد کی پالیسی پر گامزن ہے۔ انتہائی حکمت و فراست اور خدا ترسی کی بنیاد پر یہ کام انجام دیا جارہا ہے۔ انسانی خدمات کے سلسلے میں کسی طرح کاکوئی امتیاز یا تفریق روا نہیں رکھی جاتی ۔ پیش نظر امر یہ ہوتا ہے کہ ناداروں ، ضرورتمندوں اور کمزوروں کودرپیش مشکلات کے بھنور سے نکالاجائے۔ سعودی عرب نے شاہ سلمان مرکز برائے امدادو انسانی خدمات کی صورت میں پاکیزہ مقاصد اور اعلیٰ اہداف کا حامل فلاحی ادارہ اسی جذبے کے تحت قائم کررکھا ہے۔ اس کا بنیادی مقصد زیادہ سے زیادہ لوگوں کو انسانی سائبان فراہم کرنا ہے۔ 3برس قبل شاہ سلمان مرکز قائم کیا گیا تھا۔ اسلامی تعلیمات اس کا محرک بنی تھیں۔ اسلام سکھاتا ہے کہ مجبور کی مدد کی جائے۔ ضرورتمند کی ضرورت پوری کی جائے۔ انسانی زندگی ،اسکے وقار اور اس کی صحت کا خیال رکھا جائے۔ علاوہ ازیں مملکت کا تاریخی کردار بھی یہی ہے کہ وہ عالمی پیغام کی علمبردار ریاست ہونے کے ناتے ضرورتمندوں کی مدد کو اپنا فرض سمجھتی ہے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات 3برس کے دوران 38ممالک میں 328امدادی پروگرام نافذ کرچکا ہے۔ ابتک اس کی سرگرمیوں کا محور یمن، شام، عراق اور صومالیہ رہے ہیں۔ یہ مرکز انسانیت نواز خدمات کی دنیا میں معروف مراکز کیساتھ مل جلکر کام کررہا ہے ۔ اقوام متحدہ کی ماتحت تنظیموں نیز ملکی و بین الاقوامی 45سے زیادہ این جی اوز کو اپنی سرگرمیوں میں شامل کئے ہوئے ہے۔ اس تناظر میں ریاض فورم انسانی مسائل عملی حلوں کو اجاگر کرنے میں موثر ثابت ہوگا۔فورم کے شرکاء امدادی عمل کی منصوبہ بندی ، امدادی سامان کی ترسیل، فنڈنگ اور امدادی عمل کو زیادہ سے زیادہ موثر بنانے کی تدابیر پر غور و خوض کرینگے۔