مقامی شہری 39ملین ریال قرضہ واپس نہ کرنے پر بضد
جدہ.... جدہ کی ایگزیکٹیو کورٹ نے 39ملین ریال سے زیادہ کی ادائیگی سے جان چھڑانے والے سعودی سرمایہ کار کو ایک بار پھر جیل بھیجنے کا حکم جاری کر دیا۔ مقدمے کے فیصلے پر 9برس گزر چکے ہیں۔ اپیل کورٹ ، اعلیٰ عدالتی کونسل اور سپریم کورٹ فیصلے کی توثیق کرچکے ہیں۔ خادم حرمین شریفین عمل درآمد کا حکم جاری کرچکے ہیں۔1431ھ سے گرفتاری کے حکم، خدمات معطل کرنے اور بیرون مملکت جانے پر پابندی کے باوجود سرمایہ کار آزاد گھومتا رہا۔ مقامی شہری عبداللہ القحطانی نے سبق ویب سائٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس انسان سے عاجز آچکا ہے۔ کوئی دروازہ ایسا نہیں جو اس نے نہ کھٹکھٹایا ہو۔ خادم حرمین شریفین، ولی عہد، گورنر مکہ ہر ایک سے مدد کی اپیل کرچکا ہے۔ اسکے خلاف گرفتاری کا پہلا حکم 1431ھ میں جاری ہوا تھا۔