فحاشی پر مجبور کرنیوالے ماں-باپ کیخلاف مقدمہ
جمعرات 22 فروری 2018 3:00
نوئیڈا۔۔۔۔۔بچے اپنے ماں باپ کے آغوش میں دنیا میں سب سے محفوظ تصور کرتے ہیں۔ اگر کوئی ماں ، باپ اپنے بچوں کی عصمت کا سودا کرنے لگے توآپ کیا کہیں گے۔یوپی کے شہر نوئیڈا کے سیکٹر 20کوتوالی علاقے میں رہنے والی 3لڑکیوں نے پولیس اسٹیشن پہنچ کر اپنے والدین کے خلاف تحریری شکایت درج کرائی۔ایک متاثرہ لڑکی کا کہنا ہے کہ اس کے والدین ممبئی لے جاکر ڈانس بار میں رقص کرنے اور فحاشی پر مجبور کرتے ہیں۔ مخالفت کرنے پر اسے زدوکوب کرتے ہیں۔ لڑکی کا الزام ہے کہ اسے فروخت کرنے کی کئی مرتبہ کوشش کی گئی مگر بہنوں کی مدد سے ان کے چنگل سے کسی طرح نکلنے میں کامیاب ہوگئی۔ اب لڑکی اور اس کی بہنوں کو جان سے مارنے کی دھمکی دی جارہی ہے۔تینوں بہنوں میں سب سے چھوٹی کا کہنا ہے کہ ان کے والد کو طلاق دیکر ماں نے ہاتھرس کے سمیر نامی شخص سے شادی کرلی۔ ان کا سوتیلا باپ اور ماں انہیں ممبئی لے گئے اور ڈانس بار میں رقص اور فحاشی پر مجبور کرنے لگے۔انکار کرنے پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔بڑی بہن کا کہنا ہے کہ وہ کسی طرح بچ نکلی اور نوئیڈا میں شادی کرکے رہنے لگی۔متاثرہ لڑکیوں نے پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں سے مدد کی اپیل کی۔ ایس پی سٹی نے انہیں ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کراتے ہوئے ایف آئی آر درج کرکے تحقیقات کا حکم دیدیا۔