پی ایس ایل 3کی تقریب نے شائقین کے دل موہ لئے
جمعرات 22 فروری 2018 3:00
دبئی:رنگا رنگ افتتاحی تقریب کے ساتھ پی ایس ایل3 کا آغاز ہو گیا ۔ افتتاحی تقریب میں میزبانی کے فرائض اداکارہ حریم فاروق اور بلال اشرف نے انجام دیئے۔ متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے قومی ترانوں سے تقریب کا آغازہوا۔ جس کے بعد علی ظفر نے ہوا کے دوش پر فن کا مظاہرہ کیا اور شائقین کے دل موہ لیے ۔ اس کے بعدمعروف کمنٹیٹر اور قومی ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجہ نے ٹیموں کو گراونڈ میں متعارف کرایا۔ ملتان سلطانز کی آمد سب سے پہلے ہوئی تاہم ایونٹ میں اس وقت مضحکہ خیز لمحات دیکھنے کو ملے جبکہ ابھی رمیز راجہ ملتان سلطانز کا تعارف کرا رہے تھے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ میدان میں آ گئی۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے بعد بالترتیب کراچی کنگز، لاہور قلندرز، دفاعی چیمپیئن پشاور زلمی اور پھر سب سے آخر میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی میدان میں اتری۔انتہائی خوبصورت انداز میں ہوا کے دوش پر رقص کراتے ہوئے ٹرافی کو میدان میں اتارا گیا جسے دفاعی چیمپیئن پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے تھاما۔ رمیز راجہ نے تمام کپتانوں سے گفتگو کی۔ جہاں پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے کہا کہ اگر ہم ایونٹ میں ایک ٹیم ہو کر کھیلے تو ٹائٹل کا دفاع کریں گے۔لاہور قلندرز کے کپتان برینڈن میک کولم نے کہا کہ ہم گزشتہ دو ایڈیشنز میں توقعات پر پورا نہ اتر سکے لیکن اس مرتبہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے کہا کہ کپتانی کرنا اعزاز ہے، شاہدآفریدی کا ٹیم میں ہونا بہت بڑی بات ہے ان سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ہے۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان مصباح الحق نے کہا کہ میری پوری توجہ پی ایس ایل پر ہے اور ہماری ٹیم کی طاقت بہترین بولنگ ہے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے بھی ٹیم کے کمبی نیشن کو شاندار قرار دیتے ہوئے جیت کا عزم ظاہر کیا۔ پی ایس ایل کی نئی ٹیم ملتان سلطانز کے کپتان شعیب ملک نے کہا کہ میں سب ٹیموں کیلئے نیک خواہشات کااظہارکرتاہوں۔انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم نئی ہے بہترین کمبی نیشن بنانے کی کوشش کریں گے۔ پی سی بی کے چیئر مین نجم سیٹھی نے اپنے خطاب میں پی ایس ایل3 کے آغاز پر مبارکباد پیش کی۔انہوں نے کہا کہ ملتان سلطانز کی صورت میں آج ہمارے خاندان میں چھٹے فرد کا اضافہ ہوا ہے اور گزشتہ2 ایڈیشنز کی شاندار کامیابی کے بعد پی ایس ایل تھری بھی ان شاءاللہ کامیاب ہوگا جبکہ سب کی مشترکہ کوششوں سے بہت جلد پی ایس ایل کے پورے ایونٹ کا انعقاد پاکستان میں کروائیں گے۔ گزشتہ سال ایونٹ میں 24 میچز ہوئے تھے جبکہ اس سال پی ایس ایل کے 34 میچز ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل ہر طبقے اور ہر نسل کے فرد کی لیگ اور تمم پاکستانیوں کا اثاثہ ہے ۔اس کے بعد گلوکارہ عابدہ پروین اور شہزاد رائے نے گانے گائے جبکہ معروف امریکی گلوکار جیسن ڈیرولا نے بھی شائقین کو اپنی گائیکی اور ڈانس سے محظوظ کیا۔