Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

معمر ریچھ کو بیماری پر ازراہ ترحم ہلاک کردیا گیا

فلاڈیلفیا .....   فلاڈیلفیا کے چڑیا گھر میں موجود 37سالہ قطبی مادہ ریچھ کو منتظمین نے باہمی صلاح و مشورے اور ڈاکٹروں کی رائے جاننے کے بعد آخر کار موت کی  نیند سلادیا ہے۔ چڑیاگھر انتظامیہ اس کی موت کو’’ ازراہ ترحم ہلاکت‘‘ کا نام دے رہے ہیں کیونکہ 37سالہ قطبی ریچھ جو شاید دنیا کی سب سے معمر ترین ایسی مادہ قطبی ریچھ تھی جسے کسی محصورہ علاقے میں رکھا گیا تھا۔گردے اور جگر سمیت مختلف اعضاء کی خرابی سے دوچار تھی اور ایک عرصے سے بیمار پڑی ہوئی تھی جسکی وجہ سے وہ بہت لاغر اور کمزور ہوگئی تھی۔ کولڈی لاکس علاقے کے لوگوں بالخصوص بچوں کیلئے بہت پسندیدہ  مادہ ریچھ تھی اور بچوںکے علاوہ بڑے بھی اسے ایک عرصے سے دیکھتے رہنے کی وجہ سے اس سے کافی مانوس ہوچکے تھے۔ یقینی طور پر  اسکی موت کی خبر بہت افسوسناک ہوگی۔چڑیا گھر انتظامیہ کا کہناہے کہ کافی عرصے سے بیمار رہنے والی قطبی مادہ ریچھ کی حالت گزشتہ ایک ہفتے سے بہت ہی خراب ہوچکی تھی۔ گزشتہ سال انتظامیہ نے اسکی سالگرہ کے موقع پر چڑیا گھر میں شاندار پارٹی  کا انعقاد کیا تھا۔ کولڈ لاکس 13دسمبر کو 1980ء کو نیویارک کے سینیکا پارک چڑیا گھر میں پیدا ہوئی تھی اور ایک سال بعد فلاڈیلفیا  کے چڑیا گھر میں اسے منتقل کردیاگیا تھا جس کے بعد وہ پوری زندگی اسی چڑیا گھر میں رہی۔ چڑیا گھر حکام کا کہناہے کہ اب دواؤں نے بھی اس پر اثر کرنا چھوڑ دیا تھا اور طبیعت کی خرابی کی وجہ سے اس نے کھلونوں سے دل بہلانے کی عادت چھوڑ دی تھی یعنی کسی بھی چیز میں اسکی دلچسپی ختم ہوچکی تھی۔
مزید پڑھیں:- - - - -آئس لینڈکا گھوڑا جو قہقہے بھی لگاتا ہے

شیئر: