سری دیوی کی موت حادثاتی طور پر ڈوبنے سے ہوئی،نعش ممبئی لانے میں تاخیر
دبئی- - - - - دبئی حکام کا کہناہے کہ 54سالہ اداکارہ سری دیوی کی موت حادثاتی طور پر ڈوبنے سے ہوئی ہے تاہم پولیس نے مزید تحقیقات کیلئے معاملہ استغاثہ کے مجسٹریٹ کے حوالے کردیا ہے۔حکام نے دبئی میں ہندوستانی سفارتخانے کو بتایا کہ پولیس کی طرف سے ایک اور کلیئرنس کی ضرورت ہے جس کے بعدلاش لواحقین کے حوالے کردی جائیگی۔ہندوستانی سفارتخانہ اور قونصل خانہ لاش ممبئی بھیجنے کیلئے حکام کیساتھ قریبی رابطے میں ہے۔ متحدہ عرب امارات میں ہندوستانی سفیر نودیپ سوری نے یہ نہیں بتایا کہ کس قسم کی ’’کلیئرنس‘‘ درکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ انکا اپنا محکمہ جاتی پراسیس ہے جس کے بارے میں ہم نہیں جانتے۔ ان سے سوال کیا گیاکہ سری دیوی کی لاش کب بذریعہ طیارہ ہند لیجائی جاسکے گی تو انکا کہناتھا کہ اس بارے میں کچھ کہنا مشکل ہے۔ چیف پراسیکیوٹر کا کہناتھا کہ اس قسم کی حادثاتی موت کے واقعات میں پوسٹ مارٹم اور فارنسک تجزیے کی رپورٹ پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کی جاتی ہے اورجس کے کلیئر کرنے پر ہی لاش مرنے والے کے عزیزوں کے حوالے کی جاتی ہے۔دبئی پولیس کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ سری دیوی اپنے ہوٹل کے غسل خانے میں بے ہوش ہونے کے بعد پانی سے بھرے ہوئے باتھ ٹب میں ڈوب کر ہلاک ہوگئیں۔ ہفتے کی شب انہیں ایک تقریب کے دوران دل کا دورہ پڑا تھا۔ ادھر ایک مقامی اخبار کے مطابق رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ سری دیوی اپنی موت کے وقت نشے میں تھیں اور نشے کی ہی وجہ سے وہ توازن کھو بیٹھیں۔ انکا ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کردیا گیا ہے۔ فارنسک رپورٹ میں بھی کہا گیا ہے کہ انکی موت کی وجہ یہ تھی کہ وہ باتھ ٹب میں ڈوب گئی تھیں۔ ادھر انکے شوہر بونی کپور نے ایک بیان میں کہا ہے کہ موت سے قبل سری دیو ی نے ہوٹل میں مجھ سے 15منٹ تک باتیں کی تھیں۔ کھانے سے قبل تیار ہونے کیلئے وہ واش روم میں گئیں۔15منٹ بعد دروازہ کھٹکھٹایا گیا تو سری دیوی نے جواب نہیں دیا۔ جب دروازہ توڑا تو وہ باتھ ٹب میں بے ہوش تھیں۔ انہیں فوری طور پر اسپتال لیجایا گیا جہاں وہ چل بسیں۔ ممبئی میں سری دیوی کا آخری دیدار کرنے کیلئے انکے گھر کے باہر مادھوری ڈکشت، دپیکا پڈکون، رنویر کپور اور دیگر متعدد فلم اسٹار پہنچے ہوئے ہیں۔ انکے گھر کے باہر عوام کا جم غفیر ہے۔ ادھر کپور فیملی نے ذرائع ابلاغ سے گزارش کی ہے کہ وہ بے بنیاد خبریں دینے سے گریز کریں اور کسی بھی معاملے میں ہمارے ترجمان سے رابطہ کریں۔ سری دیوی کی لاش ممبئی پہنچنے پر ویلے پارلے میں واقع پون ہنس لائی جائیگی جہاں انکی آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔ سری دیوی کے چاہنے والے ملک بھر میں افسوس کررہے ہیں اور انہوں نے سڑکوں پر بینر لگا کر موم بتیاں جلانا شروع کردی ہیں۔