پاکستانی عوام باشعور اور صلاحیتوں سے مالا مال ہے، ڈاکٹرالعیسیٰ
عبد المالک مجاہد کی رابطہ عالم اسلامی کے جنرل سیکریٹری سے ملاقات
* * * * * *
ذکاء اللہ محسن ۔ ریاض
ریاض - - - - دارالسلام کے مدیر مولانا عبدالمالک مجاہد نے رابطہ اسلامی کے جنرل سیکریٹری اور سابق وزیر عدل ڈاکٹر عبدالکریم العیسیٰ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ڈاکٹر صاحب نے پاکستانی علمائے کرام اور عوام کے کردار کو سراہا گیا۔
ڈاکٹر عبدالکریم العیسیٰ نے کہا کہ وہ بارہا مرتبہ پاکستان کا دورہ کر چکے ہیں اور حال ہی میں پاکستان میں ایک کانفرنس میں جانے کا دوبارہ اتفاق ہوا ۔اس دوران انہوں نے مشاہدہ کیا اور دیکھا کہ پاکستانی قوم انتہائی دانشمند ،پڑھی پڑھی لکھی اور باشعور ہے اور پاکستانی عوام باکمال اور اپنی صلاحیتوں کے حوالے سے ترقی کر رہی ہے۔ اسلام ایک خوبصورت اور معتدل دین ہے، اسلام کو دنیا بھر میں جو پذیرائی اور فروغ ملا ہے یہ سب بہتر ہوشمندی اور حکمت ِ عملی کی بدولت ممکن ہوا۔ان کا کہنا تھا کہ ان کے چند دوستوں کی محنت کی بدولت پاکستان میں ایک عالمی کانفرنس منعقد ہوئی جس میں پاکستانی علماء اور عوام نے ان کا بھرپور خیر مقدم کیا۔کانفرنس کے دوران لوگوں نے ہمارے مدعا کو سمجھا اور اس کو خوب سراہا جس سے پتہ چلتا ہے کہ پاکستانی قوم پڑھی لکھی اور باشعور ہے۔پاکستانی علماء بھی اسلام کی بھرپور خدمت کر رہے ہیں تاہم علمائے کرام کو چاہئیے کہ وہ اپنے حلقوں میں خالص اسلامی شعور بیدار کریں اور اسلام کے اندر جو اعتدال پسندی اور وسط ہے اس کو اجاگر کریں اور اسے فروغ دیں۔اس سلسلے میں جدید ذرائع ابلاغ کو بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔
مولانا عبدالمالک مجاہد کا کہنا تھا وہ ڈاکٹر عبدالکریم العیسیٰ کے شکر گزار ہیں کہ وہ ہماری وقتاًفوقتاً رہنمائی فرماتے ہیں۔ ان کی وزیر عدل کے طور پر بھی خدمات لائق تحسین ہیں اور اب وہ رابطہ اسلامی کے جنرل سیکریٹری بھی ہیں۔ انہوں نے تمام امت مسلمہ سے رابطہ کرکے ایک پلیٹ فارم ہر سب کو اکٹھا کرنے کی کوشش کی ہے اور علمائے کرام کے بہتر کردار کے حوالے سے رہنمائی فرمائی ہے۔