Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ممبئی ریلوے اسٹیشن پر کتیا اپنے مالک کو روزانہ ڈھونڈتی رہتی ہے

ممبئی.... کتوں کی وفاداری اور مالکوں سے انکی انسیت ایک عرصے سے ضرب المثال ہے اور اسکا تازہ ترین ثبوت ممبئی کے کانجو مارگ ریلوے اسٹیشن پر  روز نظر آتا ہے۔جہاں ایک کتیا ہر روز ایک خاص وقت پر پلیٹ فارم پر آتی ہے اور پلیٹ فارم پر رکنے والی ہر ٹرین کے ڈبے میں جھانک کر اپنے لاپتہ مالکوں کو ڈھونڈتی ہے جن سے وہ کچھ دنوں سے بچھڑی ہوئی ہے مگر اسکے دل میں ان لوگوں کی یاد اب تک موجود ہے۔ دیکھنے والوں کا کہناہے کہ اس کتیا کے ساتھ 4پلے بھی ہیں جو ماں کے ساتھ پلیٹ فارم پر آتے ہیں اور ماں کی تگ و دو اور جستجو میں ساتھ ساتھ رہتے ہیں او ریہ منظر دوسرے لوگوں کیلئے بہت حوصلہ شکن اورافسوسناک ہوتا ہے۔ 2جنوری کو ریلوے اسٹیشن پر لگے ہوئے خفیہ کیمرے میں محفوظ ہونے والی تصاویر  سے صورتحال کا کچھ اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ کتیا کے انداز سے صاف پتہ چلتا ہے کہ وہ کسی جانے پہچانے یا مانوس چہرے کی تلاش میں ہے۔ ممبئی کے اخبار مرر کا کہناہے کہ کمال کی بات یہ ہے کہ کتیا کو یہ بھی یاد ہے کہ اسکی مالکن لیڈیز کمپارٹمنٹ میں سوار ہوئی تھی اسی لئے وہ ہرٹرین کے لیڈیز کمپارٹمنٹ میں ضرور جھانکتی ہے او ریہ امید کرتی ہے کہ اسکی مالکن نظر آجائے۔ کچھ لوگ یہ بھی کہتے ہیں کہ یہ کتیا پلیٹ فارم پر اپنے پرانے مالک کو بھی ڈھونڈتی ہے جو اس خاتون کے پاس جانے سے قبل اس کتیا کی دیکھ بھال کررہا تھا تاہم اس تلاش میں بھی اسے  کوئی کامیابی نہیں مل سکی ہے۔ ایک عینی شاہد کاکہنا ہے کہ وہ جب مغرب بعد ڈیوٹی سے واپس آتا ہے تو پلیٹ فارم پر یہ کتیا اسے روز ہی نظرآتی ہے۔ اسی قسم کا بیان روزانہ ٹرین سے آمدو رفت کرنے والے  ورما نے بھی دیا ہے جن کا کہناہے کہ کتیا کی بیچارگی پر اسے تر س آگیا ہے اور وہ اسے کھلاتا پلاتا بھی ہے ا ور سچ بات یہ ہے کہ اب ہم دوست بن گئے ہیں تاہم وہ اب بھی کسی شخص کی تلاش میں ہے جو اس کتیا اور اسکے پلوں کو اپنالے۔
مزید پڑھیں:- - - - - -معمر ریچھ کو بیماری پر ازراہ ترحم ہلاک کردیا گیا

شیئر: