بنی گالہ، عمران خان کے گھر کا این او سی جعلی قرار
اسلام آباد ...سابق سیکرٹری یو سی بارہ کہو محمد عمر نے تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کے بنی گا لہ کے گھر کے این او سی کو جعلی قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ یونین کونسل نے بنی گالہ میں رہائش کی تعمیر کیلئے کوئی این او سی جاری نہیں کیا تھا۔ بدھ کو سپریم کورٹ میں جمع کرائے گئے بیان میں سابق سیکرٹری یو سی نے کہا کہ 2003ءیو سی بارہ کہو میں سیکرٹری تعینات تھا۔ عمران خان کے گھر کی تعمیر کیلئے کوئی این او سی جاری نہیں کیا تھا اور نہ اس وقت یونین کونسل میں کمپیوٹر کی کوئی سہولت موجود تھی۔ تمام امور ہاتھ سے نمٹائے جاتے تھے ۔ عمران خان سے درخواست پر مزیدکارروائی کیلئے بنی گالہ کا نقشہ طلب کیا گیا تھا تاہم نقشہ فراہم نہیں کیا گیا جس کے بعد مزید کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی تھی۔ بیان میں کہاکہ عدالت کوفراہم کی گئی دستاویز پرتحریربھی یونین کونسل کی نہیں۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے بھی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی۔ رپورٹ کے مطابق 300 کنال اراضی 2002ءمیں جمائما کے نام پر خریدی گئی تھی تاہم زمین خریدتے وقت وزارتِ داخلہ سے کوئی این او سی نہیں لیا گیا تھا۔ جمائما خود پیش ہوئیں اور نہ ہی کوئی نمائندہ آیا۔ رپورٹ کے مطابق 2005ءمیں یہ زمین عمران خان کو پاور آف اٹارنی کے ذریعے تحفہ کی گئی تھی۔