Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان فٹبال سے فیفا کی پابندی اٹھائے جانے کا امکان روشن

  لاہور:عدالت کے احکامات کے بعد پاکستان فٹبال فیڈریشن سے مزاحمت کے بعد ادارے کا انتظام اب منتخب صدر فیصل صالح حیات اور ان کی انتظامیہ نے سنبھال لیا ہے۔سیکریٹری پی ایف ایف کرنل (ر) احمد یار لودھی اور نائب صدر فیڈریشن سردار نوید حیدر خان نے فیفا ہاوس لاہور میں حکومتی ایڈ منسٹریٹر اسدمنیر سے ملاقات کی اور طویل بحث و مباحثے کے بعد ایڈمنسٹریٹر نے چارج فیفا کی منظور شد ہ انتظامیہ کے حوالے کر دیا۔اس سے قبل پی ایف ایف کے سینئر نائب صدر خادم علی شاہ 2 روز تک فیفا ہاوس جاتے رہے تاہم انہیں چارج دینے سے انکار کیا جاتا رہا۔ ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں پی ایف ایف کے 30 جون 2015ءکو چھانگلہ میں ہونے والے الیکشن میں فیصل صالح کے انتخاب کو درست قرار دیتے ہوئے پاکستان اسپورٹس بورڈ کو فیڈریشن میںکسی بھی قسم کی مداخلت سے روک دیا تھا۔یاد رہے کہ فیڈریشن کے معاملات میں حکومت کی جانب سے مسلسل مداخلت کے بعد فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے اکتوبر2017 میں پاکستان فٹبال فیڈریشن کی رکنیت معطل کر دی تھی۔فیصل صالح حیات اور ان کی منتخب انتظامیہ کی جانب سے انتظامات سنبھالنے کے بعد فیفا کی طرف سے پاکستان پر عائد پابندی اٹھائے جانے کا امکان روشن ہے ۔

شیئر: