Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ورلڈکپ کو اپنا آخری ٹورنامنٹ بنا نا چاہتا ہوں، شعیب ملک

شارجہ: ملتان سلطانز کے قائد شعیب ملک نے کہا ہے کہ دبئی اب میرا اور ثانیہ مرزا کیلئے نیا گھر بن چکا ہے،اس کی وجہ یہ ہے کہ یہاں ہم دونوں کیلئے کم وقت میں کہیں آنا جانا آسان ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں سپر فٹ ہونے کے باوجود ورلڈکپ کو آخری بڑا ٹورنامنٹ بنا نا چاہتا ہوں ، میگا ایونٹ میں کھیلنا اور پاکستان کو کامیاب دیکھنا میرا خواب ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری فٹنس اتنی اچھی ہے کہ میں اس کے بعد بھی کھیل سکتا ہوں تاہم اگلا ورلڈکپ 4سال بعد ہوگا، اس دوران کئی نوجوان کرکٹرز قومی ٹیم کو میسر آسکتے ہیں ۔ ایک سوال پر سابق کپتان کا کہنا تھا کہ میں ٹیسٹ کرکٹ بھی کھیل سکتا تھا لیکن اس لئے چھوڑدی کہ وہاں نیا ٹیلنٹ جگہ لینے کو تیار تھا اور بابر اعظم اور حارث سہیل اب چیلنج قبول کرنے کیلئے تیار ہیں۔ اپنی فٹنس کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ میں باقاعدگی سے ٹریننگ کا عادی ہوں،کرکٹ میچز جاری ہوں یا فارغ وقت ہو میں ورزش نہیں چھوڑتا۔پی ایس ایل میں ملتان سلطانز کے سری لنکن بیٹسمین کمار سنگاکارا شعیب ملک کی کپتانی کے گن گانے لگے۔ انہوں نے کہا کہ شعیب ملک بہت اچھے قائد ہیں ،ٹیم کا ماحول کافی پرسکون رکھا ہوا ہے، ہر کھلاڑی کھیل سے لطف اندوز ہورہا ہے۔ پی ایس ایل کے معیار کے حوالے سے سنگاکارا نے کہا کہ یہ دنیا کی بہترین لیگز میں سے ایک ہے ۔پاکستان کا نوجوان ٹیلنٹ بھی اچھا ہے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ ملتان سلطانز کے کوالیفائر میچز تک پہنچنے کی صورت میں کیا وہ پاکستان آئیں گے تو سنگاکارا نے کہا فی الحال اس بارے میں نہیں سوچ رہا۔

شیئر: