ہنوئی، ویت نام۔۔۔ انسان ایک زمانے سے پالتو جانوروں کو اپنے مختلف کاموں کیلئے استعمال کرتا رہا ہے ۔صنعتی دور کا آغاز ہوا تو اس کی مدد کیلئے مشینیں آگئی اور آج کے دور میں ربورٹ انسان کے معاون کے طور پر ہر طرف نظر آرہے ہیں بلکہ بہت سارا کام جن کے بارے میں خیال تھا کہ اسے صرف انسان ہی کرسکتے ہیں ،یہ روبوٹ مصنوعی ذہانت کے طفیل وہ کام بھی انجام دے رہے ہیں۔ اسی حوالے سے یہاں جاری ہونیوالی ایک ویڈیو اور تصویر نے سنسنی پھیلا رکھی ہے ۔ ویت نام میںلی کواک فونگ نامی ایک مچھیرے نے مچھلی کی فروخت کیلئے دلچسپ طریقہ آزمایا۔ اس نے ایک بلی کو انسانوں کی طرح لباس پہنا کر مچھلی بیچنا شروع کی تو وہاں لوگوں کا تانتا بندھ گیا۔لی کواک فونگ نے اس بلی کو ڈاگ یعنی کتے کا نام دیا ہے جسے بہت اسٹائلش اور اچھے کپڑے پہنائے جاتے ہیں۔ یہ بلی بھی اس کام سے بہت خوش ہے اور اس کے چہرے سے مسرت عیاں ہے۔ حال ہی میں لوگوں نے اس کی تصاویر فیس بک پر پوسٹ کرنا شروع کردی ہیں جہاں سے یہ دنیا بھر میں پھیل چکی ہیں۔سوشل میڈیا پر اسے بازار میں موجود سب سے اہم دکان دار کا نام بھی دیا جارہا ہے۔کبھی کبھار بلی دیگر اشیا بھی فروخت کرتی ہے جن میں کئی قسم کی اشیائے خوردونوش، سبزیاں اور دیگر چیزیں شامل ہیں۔ایک بھرپور اور محنت بھرا دن گزارنے کے بعد بلی کو آرام اور خوش رہنے کا پورا موقع بھی دیا جاتا ہے۔ لی کوا فونگ اس بلی کا بہت خیال رکھتے ہیں اور اس کی پسندیدہ اشیا بھی اسے فراہم کرتے ہیں۔